Tafseer-e-Madani - Al-Furqaan : 71
وَ مَنْ تَابَ وَ عَمِلَ صَالِحًا فَاِنَّهٗ یَتُوْبُ اِلَى اللّٰهِ مَتَابًا
وَمَنْ تَابَ : اور جس نے توبہ کی وَعَمِلَ : اور عمل کیے صَالِحًا : نیک فَاِنَّهٗ : تو بیشک وہ يَتُوْبُ : رجوع کرتا ہے اِلَى اللّٰهِ : اللہ کی طرف مَتَابًا : رجوع کرنے کا مقام
اور جو کوئی سچی توبہ کرلے اور وہ کام بھی نیک کرے تو یقینا وہ صحیح معنوں میں پلٹ آئے گا اپنے رب کی رحمت و عنایت کی طرف
90 توبہ کا معنی و مفہوم اور اس پر عظیم اشان بشارت کا ذکر : سو سچی توبہ کرنے والوں کیلئے عظیم الشان بشارت و خوشخبری ہے اور توبہ کے اصل معنی لوٹنے اور رجوع کرنے کے ہیں۔ سو ایک انسان جب گناہ کا ارتکاب کرلیتا ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ تو وہ اپنے رب سے اور اس کی رحمتوں سے دور ہوجاتا ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ اور پھر جب وہ سچی توبہ کرتا ہے تو وہ اس کی طرف لوٹ آتا ہے اور اللہ پاک کی رحمت و عنایت بھی اس کی طرف عود کر آتی ہے۔ اور توبہ کا اصل تعلق دل سے ہے اور اس کی ظاہری نشانی اور ثبوت عمل صالح ہے کہ توبہ کرنے والے کی بعد کی زندگی پہلی زندگی سے یکسر بدلی ہوئی محسوس ہونے لگے۔ اور اگر وہ زبانی کلامی توبہ کی رٹ لگانے کے باوجود گناہوں کی دلدل میں اسی طرح پھنسا ہوا ہے تو یہ توبہ محض ظاہری اور نام کی توبہ ہے جسکی اس کی بارگاہ اقدس و اعلیٰ میں کوئی قدر و قیمت نہیں ۔ والعیاذ باللہ ۔ سو اس میں توبہ کرنے والوں کیلئے عظیم الشان بشارت اور خوشخبری ہے کہ وہ نہایت سرخروئی کے ساتھ اپنے رب کی طرف لوٹیں گے۔ اور ظاہر ہے کہ جو اس نور السموات والارض کی طرف رجوع ہوگیا تو وہ مراد کو پا گیا اور اس کی ظلمتیں متبدل با نور ہوگئیں ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید وعلی ما یحب ویرید -
Top