Tafseer-e-Madani - Ash-Shu'araa : 38
فَجُمِعَ السَّحَرَةُ لِمِیْقَاتِ یَوْمٍ مَّعْلُوْمٍۙ
فَجُمِعَ : پس جمع کیے گئے السَّحَرَةُ : جادوگر لِمِيْقَاتِ : مقررہ وقت پر يَوْمٍ : ایک دن مَّعْلُوْمٍ : جانے پہچانے (معین)
چناچہ ملک کے طول و عرض سے جمع کردیا گیا ایسے جادوگروں کو ایک مقرر دن کے وقت پر
25 جادوگروں کے حق کے مقابلے میں جمع کر لانے کا ذکر وبیان : سو ارشاد فرمایا گیا " اور جمع کردیا گیا جادوگروں کو وقت مقررہ پر "۔ یعنی ان کے جشن کے دن اور چاشت کے وقت۔ جیسا کہ سورة طہ میں اس کی تصریح موجود ہے۔ اور اس کیلئے ایک بڑے کھلے میدان کا انتخاب کیا گیا۔ اور لوگوں کو وہاں حاضری کی ترغیب بھی دی گئی کہ یہ ہماری قومی سلامتی اور ہمارے اجتماعی وقار کا مسئلہ ہے۔ ہمارے ملک اور ہماری تہذیب کو اس وقت بہت بڑا خطرہ درپیش ہے۔ اس لیے ہم سب کا یہ فریضہ اور قومی اور اجتماعی فریضہ بنتا ہے کہ ہم پورے ذوق و شوق اور جوش و خروش سے وہاں جمع ہوں اور اپنے جادوگروں کی حوصلہ افزائی کریں۔ دوسری طرف قدرت کے غیبی ہاتھوں سے یہ انتظام کیا جا رہا تھا تاکہ اس طرح غلبہ حق کا منظر سب لوگ اپنی کھلی آنکھوں سے دیکھ لیں اور حق کا غلبہ سب کے سامنے واضح ہوجائے۔ جیسا کہ بعد میں بالفعل ہوا اور آنا فانا ایک دنیا کی دنیا بدل گئی ۔ فالحمد للہ رب العالمین -
Top