Tafseer-e-Madani - Al-Qalam : 4
وَ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ
وَاِنَّكَ : اور بیشک آپ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِيْمٍ : البتہ اخلاق کے بلند مرتبے پر ہیں
اور بلاشبہ آپ اخلاق کے بہت بڑے مرتبے پر ہیں
5 پیغمبر (علیہ السلام) کا اخلاق و کردار اور ان کی صداقت و حقانیت کی دلیل : سو ارشاد فرمایا گیا اور کلمات تاکید کے ساتھ ارشاد فرمایا گیا کہ بلاشبہ آپ ﷺ اخلاق کے بہت بڑے مرتبے پر ہیں۔ اتنے بڑے مرتبے پر جس کی نظیر و مثال چشم فلک نے نہ اس سے پہلے کبھی دیکھی اور نہ آئندہ قیامت تک کبھی دیکھ سکے گی۔ صلوات اللہ وسلامہ علیہ علی آلہ وصحبہ ومن والاہ وبھداہ اھتدی اور آپ ﷺ کے اخلاق کی یہ بلندی اور پاکیزگی ان لوگوں کے خلاف سب سے بڑی حجت ہے جو آپ ﷺ کو دیوانہ یا کاہن یا شاعر کہہ کرو العیاذ باللہ اپنے دلوں کی بھڑاس نکالتے ہیں اور اس طرح وہ اپنی بدبختی کے داغ کو اور پکا کرتے ہیں اور اس طرح وہ اپنے آپ کو اور اپنے عوام کو یہ باور کرانے کی کوشش کرتے ہیں، کہ آپ ﷺ کی باتیں یونہی ہیں جو ہوا میں اڑ جائیں گی، پس آپ ﷺ ان لوگوں کی ایسی دلا آزار باتوں کی پرواہ نہیں کرنا، ان کے کہنے سے کیا بنتا یا بگڑتا ہے اصل گواہی تو آپ ﷺ کے رب کی ہے سبحانہ و تعالیٰ جو کہ بہرحال آپ کے ساتھ اور آپ کے حق میں ہے، بہر کیف اس ارشاد سے واضح فرما دیا گیا کہ پیغمبر کا اخلاق و کردار ان کی صداقت و حقانیت کی شہادت اور اس کی دلیل ہے اور یہ امتیازی شان پیغمبر کے سوا اور کسی کو نصیب نہیں ہوسکتی۔ (علیہ السلام) ۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ ان کی محبت اور اطاعت سے سرفراز و سرشار رکھے۔ آمین
Top