Mazhar-ul-Quran - Ar-Ra'd : 38
وَ لَقَدْ اَرْسَلْنَا رُسُلًا مِّنْ قَبْلِكَ وَ جَعَلْنَا لَهُمْ اَزْوَاجًا وَّ ذُرِّیَّةً١ؕ وَ مَا كَانَ لِرَسُوْلٍ اَنْ یَّاْتِیَ بِاٰیَةٍ اِلَّا بِاِذْنِ اللّٰهِ١ؕ لِكُلِّ اَجَلٍ كِتَابٌ
وَلَقَدْ اَرْسَلْنَا : اور البتہ ہم نے بھیجے رُسُلًا : رسول (جمع) مِّنْ قَبْلِكَ : تم سے پہلے وَجَعَلْنَا : اور ہم نے دیں لَهُمْ : ان کو اَزْوَاجًا : بیویاں وَّذُرِّيَّةً : اور اولاد وَمَا كَانَ : اور نہیں ہوا لِرَسُوْلٍ : کسی رسول کے لیے اَنْ : کہ يَّاْتِيَ : لائے بِاٰيَةٍ : کوئی نشانی اِلَّا : بغیر بِاِذْنِ اللّٰهِ : اللہ کی اجازت سے لِكُلِّ اَجَلٍ : ہر وعدہ کے لیے كِتَابٌ : ایک تحریر
اور اے محبوب بیشک ہم نے تم سے پہلے بھی رسول بھیجے اور ان کو ہم نے بیبیاں اور اولاد دی۔ اور کسی رسول کو لائق نہیں کہ وہ کوئی نشانی لے آئے مگر اللہ کے حکم سے، ہر وعدہ کی ایک لکھت ہے
آنحضرت ﷺ پر عیب لگانے کا ذکر شان نزول : جس کا مطلب یہ ہے کہ یہودی رسول مقبول ﷺ کی شان میں عیب لگاتے اور نا درست باتیں بنا کر کہتے تھے کہ اس شخص کو عورتوں کا بہت شوق ہے، نکاح زیادہ کیے ہیں اگر پیغمبر ہوتا تو اسے عورتوں سے کیا کام تھا۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی اور فرمایا کہ ان سے کہہ دو کہ جتنے رسول ہوئے ہیں وہ سب کے سب بشر تھے کوئی فرشتہ نہ تھا۔ انہیں کی طرح یہ رسول بھی بشر ہیں، کھاتے بھی ہیں پیتے بھی ہیں، چلتے ہیں بھی ہیں پھرتے بھی ہیں بیویاں بچے بھی ان کے ہیں، جیسے پہلے رسولوں کے تھے۔ چناچہ حضرت سلیمان (علیہ السلام) کی تین سو بیویاں تھیں اور سات سو کنیزیں تھیں۔ پھر اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ رسول کے بس کا یہ کام نہیں ہے کہ تمہاری ہر فرمائش کے مطابق معجزہ دکھا دے۔ یہ تو خدا کا کام ہے جب وہ چاہتا ہے کوئی معجزہ ظاہر کرتا ہے، جب نہیں چاہتا نہیں ظاہر کرتا۔
Top