Urwatul-Wusqaa - Al-A'raaf : 40
اِنَّ الَّذِیْنَ كَذَّبُوْا بِاٰیٰتِنَا وَ اسْتَكْبَرُوْا عَنْهَا لَا تُفَتَّحُ لَهُمْ اَبْوَابُ السَّمَآءِ وَ لَا یَدْخُلُوْنَ الْجَنَّةَ حَتّٰى یَلِجَ الْجَمَلُ فِیْ سَمِّ الْخِیَاطِ١ؕ وَ كَذٰلِكَ نَجْزِی الْمُجْرِمِیْنَ
اِنَّ : بیشک الَّذِيْنَ : وہ لوگ جو كَذَّبُوْا : جھٹلایا بِاٰيٰتِنَا : ہماری آیتوں کو وَاسْتَكْبَرُوْا : اور تکبر کیا انہوں نے عَنْهَا : ان سے لَا تُفَتَّحُ : نہ کھولے جائیں گے لَهُمْ : ان کے لیے اَبْوَابُ : دروازے السَّمَآءِ : آسمان وَ : اور لَا يَدْخُلُوْنَ : نہ داخل ہوں گے الْجَنَّةَ : جنت حَتّٰي : یہانتک (جب تک) يَلِجَ : داخل ہوجائے الْجَمَلُ : اونٹ فِيْ : میں سَمِّ : ناکا الْخِيَاطِ : سوئی وَكَذٰلِكَ : اور اسی طرح نَجْزِي : ہم بدلہ دیتے ہیں الْمُجْرِمِيْنَ : مجرم (جمع)
جن لوگوں نے ہماری نشانیاں جھٹلائیں اور ان کے مقابلہ میں سرکشی کی تو ان کے لیے آسمان کے دروازے کبھی کھلنے والے نہیں ، ان کا جنت میں داخل ہونا ایسا ہے جیسے سوئی کے ناکے سے اونٹ کا گزر جانا اسی طرح ہم مجرموں کو ان کے جرائم کا بدلہ دیتے ہیں
آیات الٰہی کے منکروں کے لئے آسمان کے دروازے کبھی کھلنے والے نہیں : 51: ” سماء جنت کے دروازے کھلنے والے نہیں۔ “ مطلب یہ ہے کہ ان کا خیر مقدم نہیں ہوگا بلکہ وہ نہایت ذلت وفضیحت کے ساتھ اپنا انجام بد دیکھنے کے لئے مجرموں اور بدمعاشوں کی طرح ہنکائے ہوئے لائے جائیں گے۔ اس لئے ان بدنصیبوں پر نہ آسمانی خیرات وبرکات کا نزول ہوگا اور نہ ان کے اعمال نیک بندوں کے اعمال کی طرح آسمان کی طرف اٹھائے جائیں گے اور جب یہ مریں گے اور فرشتے ان کی خبیث روحیں لے کر آسمان کی طرف جائیں گے تو رحمت و قبولیت کے دروازے ان کے لئے نہ کھولے جائیں گے اور ان کو واپس سجین کی پستیوں اور گہرائیوں کی طرف لوٹا دیا جائے گا اور وہیں بند پڑے رہیں گے۔ جس طرح سوئی کے باریک سوراخ سے ایک اونٹ کا گزرنا محال ہے اسی طرح ان کا جنت میں داخل ہونا بھی محال ہے۔ اس آیت سے آسمان کے دروازے اور سوئی کو اتنا بڑا کر کے اس کے ناکے سے اونٹ گزارنے کے ثبوت فراہم کرنا سراسر بےعقلی اور بیوقوفی ہے جو ذہنی عیاشی کرنے والے کرتے آئے ہیں اور کرتے رہیں گے اور اس طرح کے محاورات دوسری کتب آسمانی میں بھی پائے جاتے ہیں اور عام بول چال میں بھی۔ چناچہ انجیل میں ہے کہ : ” یسوع نے اپنے شاگردوں سے کہا میں تم سے سچ کہتا ہوں کہ دولت مند کا آسمان کی بادشاہت میں داخل ہونا مشکل ہے اور پھر تم سے کہتا ہوں کہ اونٹ کا سوئی کے ناکے سے نکل جانا اس سے آسان ہے کہ دولت مند خدا کی بادشاہت میں داخل ہو۔ “ ( متی 19 : 23 ، 24)
Top