Mazhar-ul-Quran - Al-Fath : 16
قُلْ لِّلْمُخَلَّفِیْنَ مِنَ الْاَعْرَابِ سَتُدْعَوْنَ اِلٰى قَوْمٍ اُولِیْ بَاْسٍ شَدِیْدٍ تُقَاتِلُوْنَهُمْ اَوْ یُسْلِمُوْنَ١ۚ فَاِنْ تُطِیْعُوْا یُؤْتِكُمُ اللّٰهُ اَجْرًا حَسَنًا١ۚ وَ اِنْ تَتَوَلَّوْا كَمَا تَوَلَّیْتُمْ مِّنْ قَبْلُ یُعَذِّبْكُمْ عَذَابًا اَلِیْمًا
قُلْ : فرمادیں لِّلْمُخَلَّفِيْنَ : پیچھے بیٹھ رہنے والوں کو مِنَ الْاَعْرَابِ : دیہاتیوں میں سے سَتُدْعَوْنَ : عنقریب تم بلائے جاؤگے اِلٰى : طرف قَوْمٍ : ایک قوم اُولِيْ بَاْسٍ شَدِيْدٍ : سخت لڑنے والی (جنگجو) تُقَاتِلُوْنَهُمْ : تم ان سے لڑتے رہو اَوْ : یا يُسْلِمُوْنَ ۚ : وہ اسلام قبول کرلیں فَاِنْ : اگر تُطِيْعُوْا : تم اطاعت کروگے يُؤْتِكُمُ اللّٰهُ : تمہیں دے گا اللہ اَجْرًا حَسَنًا ۚ : اجر اچھا وَاِنْ تَتَوَلَّوْا : اور اگر تم پھرگئے كَمَا تَوَلَّيْتُمْ : جیسے تم پھرگئے تھے مِّنْ قَبْلُ : اس سے قبل يُعَذِّبْكُمْ : وہ تمہیں عذاب دے گا عَذَابًا : عذاب اَلِيْمًا : دردناک
پس1 تم ان پیچھے رہنے والے دیہاتیوں سے فرماؤ عنقریب تم ایک سخت لڑائی والی قوم کی طرف بلائے جاؤ گے کہ ان سے لڑو گے یا وہ مسلمان ہوجائیں، پس اگر تم اطاعت کرو گے تو اللہ تم کو بہت اچھا اجر (یعنی جنت) دے گا اور اگر تم پھر جاؤ گے جیسا کہ اس سے پہلے پھرگئے تھے تو اللہ تم کو دردناک عذاب کی سزا دے گا۔
(ف 1) اے محبوب تم ان پیچھے رہنے والے دیہاتیوں سے کہہ دو کہ غزوہ خیبر میں تو تم ساتھ نہ جاؤ گے مگر خیر اگر تم دعوی ایمان واخلاص کا کرتے ہو اور تمہارا امتحان لیاجائے گا اور توبہ کروگے تو قبول کی جائے گی امتحان یوں ہوگا کہ تم ایک ایسی قوم سے جہاد کرنے کی طرف بلائے جاؤ گے جو نہایت مرد میدان شجاعت ہوگی، دلیر، خون خوار ہتھیاروں میں ڈوبی ہوئی سخت مزاج، تم ان سے یہاں قتال کرنا یا تو وہ سب ہلاک ہوجائیں یا مسلمان ہوجائیں، اگر اس امتحان میں تم پورے اترے اور تم نے اطاعت کی اور اخلاص اور سچے دل سے جہاد کیا تو خدا جنت میں ثواب حسن دے گا اور اگر جب بھی تم نے منہ پھیراجی سے پہلے غزوہ حدیبیہ میں اور توبہ نہ کی اور اخلاص نہ برتادل میں نفاق ہی رکھا تو خدا تم کو سخت عذاب دے گا چناچہ خدا کا یہ فرمان سچا ہوا اور اس قوم سے بنی حنیفہ یمامہ کے رہنے والے جو مسیلمہ کذاب کی قوم کے لوگ ہیں حضرت ابوبکر نے جنگ فرمائی اور یہ بھی کہا گیا کہ حضرت عمر فارق کے زمانہ میں اہل فارس اور روم سے جنگ ہوئی اور اس کے لیے آپ نے لوگوں کو دعوت دی۔
Top