Mazhar-ul-Quran - Al-A'raaf : 179
وَ لَقَدْ ذَرَاْنَا لِجَهَنَّمَ كَثِیْرًا مِّنَ الْجِنِّ وَ الْاِنْسِ١ۖ٘ لَهُمْ قُلُوْبٌ لَّا یَفْقَهُوْنَ بِهَا١٘ وَ لَهُمْ اَعْیُنٌ لَّا یُبْصِرُوْنَ بِهَا١٘ وَ لَهُمْ اٰذَانٌ لَّا یَسْمَعُوْنَ بِهَا١ؕ اُولٰٓئِكَ كَالْاَنْعَامِ بَلْ هُمْ اَضَلُّ١ؕ اُولٰٓئِكَ هُمُ الْغٰفِلُوْنَ
وَلَقَدْ ذَرَاْنَا : اور ہم نے پیدا کیے لِجَهَنَّمَ : جہنم کے لیے كَثِيْرًا : بہت سے مِّنَ : سے الْجِنِّ : جن وَالْاِنْسِ : اور انسان لَهُمْ : ان کے قُلُوْبٌ : دل لَّا يَفْقَهُوْنَ : سمجھتے نہیں بِهَا : ان سے وَلَهُمْ : اور ان کے لیے اَعْيُنٌ : آنکھیں لَّا يُبْصِرُوْنَ : نہیں دیکھتے بِهَا : ان سے وَلَهُمْ : اور ان کیلئے اٰذَانٌ : کان لَّا يَسْمَعُوْنَ : نہیں سنتے بِهَا : ان سے اُولٰٓئِكَ : یہی لوگ كَالْاَنْعَامِ : چوپایوں کے مانند بَلْ : بلکہ هُمْ : وہ اَضَلُّ : بدترین گمراہ اُولٰٓئِكَ : یہی لوگ هُمُ : وہ الْغٰفِلُوْنَ : غافل (جمع)
اور بیشک ہم نے بہت سے جن اور آدمی جہنم کے لیے پیدا کیے ان کے دل تو ہیں (مگر) ان سے سمجھتے نہیں، اور ان کی آنکھیں ہیں (مگر) ان سے دیکھتے نہیں، اور ان کے کان ہیں (مگر) ان سے سنتے نہیں (غرض) وہ ایسے ہیں جیسے چوپائے بلکہ ان سے بھی بڑھ کر گمراہ، یہ وہ لوگ ہیں جو (دین سے بالکل) بیخبر ہیں
جنات کے وجود کی تحقیق اکثر فلسفی اور دہریہ وغیرہ جنات کے وجود کے جو منکر ہیں ان کا بےراہ ہونا اس آیت سے ثابت ہوتا ہے۔ کیونکہ جو چیز اللہ تعالیٰ نے پیدا کی ہے اور اس کے پیدا کرنے کی خبر اپنے کلام پاک میں دی وہ ضرور موجود اور دنیا میں اس کا وجود ہے۔ اس کے وجود سے انکار کرنا کلام الٰہی سے انکار کرنا ہے۔ حاصل معنی آیت کے یہ ہیں کہ اگرچہ اللہ تعالیٰ نے اپنی رحمت سے جن و انس سب کی طبیعت میں عقتبی کی بہبودی کی صلاحیت رکھی ہے۔ لیکن ان میں بہت سے ایسے ہیں جو علم الہی میں دوزخی قرار پا چکے ہیں۔ اس لیے دنیا میں پیدا ہونے کے بعد عقبی کی بہبودی، باتوں کے کانوں سے سننے، آنکھوں سے دیکھنے میں ان کا دل نہیں لگتا بلکہ جانوروں کی طرح دنیاوی باتوں پر ان کی زیست کا دار و مدار ہے۔ اور عقبی کے حساب سے وہ گویا دوزخ کا ایندھن بننے کے لیے دنیا میں پیدا ہوئے گ ہیں۔ ہر مسلمان کو چاہیے کہ خدائے تعالیٰ سے پناہ مانگتا رہے اور ثابت قدمی سے اعمال صالح کی دعا کرتا رہے ایسا نہ ہو کہ آخر عمر میں کوئی برا کام خدائے تعالیٰ کی ناخوشی کا اس سے سرزد ہو کر اس کے خاتمہ کو بگاڑ دے۔
Top