Mualim-ul-Irfan - An-Naba : 36
جَزَآءً مِّنْ رَّبِّكَ عَطَآءً حِسَابًاۙ
جَزَآءً : بدلہ ہے مِّنْ رَّبِّكَ : تیرے رب کی طرف سے عَطَآءً : بدلہ/ بخشش حِسَابًا : بےحساب/ کفایت کرنے والی
یہ بد لہ ہوگا تیرے رب کی طرف سے حساب سے دیا ہوا
(جنتیوں کے مدارج) جزاء من ربک یہ بدلہ ہوگا تیرے رب کی طرف سے متقین کے لیے عطاء حسابا حساب سے دیا ہوا ، یعنی جیسا کسی کا عمل ہوگا اس کے مطابق اسے بدلہ دیا جائے گا ۔ دوسری جگہ فرمایا ولکل درجت مما عملوا ہر انسان کا درجہ اس کے عمل کے مطابق ہوگا جس اخلاق وکردارکا کوئی مالک ہوگا ۔ اس کے مطابق اسے درجات حاصل ہوں گے ۔ شہداء کا درجہ اسی لیے بلند ہے ۔ کہ انہوں نے بڑابلند کام انجام دیا۔ حضور ﷺ نے فرمایا (ب 1 بخاری ص 1104 ج 2 ، ترمذی ص 362) جنت میں سو درجے ہیں اور ہر درجے کا دوسرے سے فاصلہ اس قدر ہے ، جتنا زمین سے آسمان کا ۔ تو گویا جزاء من ربک عطاء حسابا جنتیوں کو اپنے رب کی طرف سے انعامات ملیں گے ، درجات حاصل ہوں گے ۔ جو ان کے اعمال کے مطابق ہوں گے۔
Top