Aasan Quran - An-Naba : 21
اِنَّ جَهَنَّمَ كَانَتْ مِرْصَادًا۪ۙ
اِنَّ جَهَنَّمَ : بیشک جہنم كَانَتْ : ہے مِرْصَادًا : ایک گھات
بلاشبہ جہنم ایک گھات کی جگہ ہے،
قیامت کا وقوع وقت معین پر ہوگا۔ اس دن کیا کیا حالات سامنے آئیں گے اس کا تذکرہ فرما کر میدان قیامت میں حاضر ہونے والی دونوں جماعتوں کا انجام بتایا، پہلے کفر و شرک والوں کی سزا بتائی ﴿ اِنَّ جَهَنَّمَ كَانَتْ مِرْصَادًا۪ۙ0021﴾ سے شروع ہے پھر متقیوں کا انعام بتایا جس کی ابتداء ﴿اِنَّ لِلْمُتَّقِيْنَ مَفَازًاۙ0031﴾ سے ہے، آیات بالا میں پہلے تو یہ فرمایا کہ جہنم گھات کی جگہ ہے اس میں کام کرنے والے فرشتے جو عذاب دینے پر مامور ہیں وہ انتظار کرتے ہیں کہ کفار و مشرکین اس میں کب داخل ہوتے ہیں جیسے ہی آئیں ان کا عذاب شروع کردیا جائے اور بعض حضرات نے فرمایا ہے کہ (مرصاد) جہنم کی صفت ہے اور مبالغہ کا صیغہ ہے اور مطلب یہ ہے کہ وہ اس انتظار میں ہے کہ میرے اندر داخل ہونے والے کب آتے ہیں، آئیں اور مبتلائے عذاب ہوں یہ معنی لینا بھی بعید نہیں ہے۔ کیونکہ سورة ٴ فرقان میں فرمایا ہے ﴿ اِذَا رَاَتْهُمْ مِّنْ مَّكَانٍۭ بَعِيْدٍ سَمِعُوْا لَهَا تَغَيُّظًا وَّ زَفِيْرًا 0012﴾ (دوزخ جب ان کو دور سے دیکھے گی تو وہ لوگ اس کا جوش اور خروش سنیں گے) ۔
Top