Urwatul-Wusqaa - Al-Hajj : 57
وَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا وَ كَذَّبُوْا بِاٰیٰتِنَا فَاُولٰٓئِكَ لَهُمْ عَذَابٌ مُّهِیْنٌ۠   ۧ
وَ : اور الَّذِيْنَ كَفَرُوْا : جن لوگوں نے کفر کیا وَكَذَّبُوْا : اور جھٹلایا بِاٰيٰتِنَا : ہماری آیات کو فَاُولٰٓئِكَ : پس وہی لوگ لَهُمْ : ان کے لیے عَذَابٌ مُّهِيْنٌ : عذابِ ذلت
اور ان لوگوں کے لیے ذلیل کرنے والا عذاب ہے جنہوں نے انکار کیا اور ہماری نشانیاں جھٹلائیں
جن لوگوں نے کفر اختیار کیا اور ہماری آیتوں کو جھٹلایا ان کے لئے یقینا عذاب ہے : 57۔ جس طرح صحیح معنوں میں ایمان لانے والوں اور صالح اعمال کرنے والوں کے لئے حتمی فیصلہ اصل فیصلہ کے دن سے پہلے سنا دیا بالکل اسی طرح بداعمالیوں اور کفر پر قائم رہنے والوں کے لئے بھی وہ دن آنے سے پہلے ہی فیصلہ سنا دیا فرمایا ” جن لوگوں نے کفر کی راہ اختیار کی اور ہماری نشانیوں کو جھٹلایا ان لوگوں کے لئے ذلیل کرنے والا عذاب تیار کھڑا ہے اور ممکن نہیں کہ وہ عذاب کی لپیٹ سے بچ سکین اور یہ اس لئے ہے کہ وہ ایسے بےحیا لوگ ہوں گے کہ جنہوں نے اللہ اور رسول کے بتائے ہوئے حق سے منہ موڑ کر ثابت کردیا کہ وہ اپنے آپ کو اس قانون سے کوئی بالا تر چیز سمجھتے ہیں اور ظاہر ہے کہ یہ استکبار ہی ہے اور پھر وہ اس استکبار کے باعث اس بات کے مستحق ٹھہرے ہیں کہ آخرت میں ان کو ایسا عذاب دیا جائے جو ان کو ان کے اعوان وانصار کے سامنے ذلیل و خوار کر دے گویا جتنا بڑا ظلم انہوں نے روا رکھا تھا اتنی ہی بڑی ان کو سزا بھی ملنی چاہئے اور پھر عزت و تکریم کے مقابلہ میں ذلت ورسوائی ہی ہوتی ہے اس لئے انکو اس سے دوچار ہونا پڑے گا اور اس طرح ” جو انہوں نے بویا تھا وہی وہ کاٹیں گے ۔ “
Top