Urwatul-Wusqaa - Ash-Shu'araa : 7
اَوَ لَمْ یَرَوْا اِلَى الْاَرْضِ كَمْ اَنْۢبَتْنَا فِیْهَا مِنْ كُلِّ زَوْجٍ كَرِیْمٍ
اَوَلَمْ يَرَوْا : کیا انہوں نے نہیں دیکھا اِلَى الْاَرْضِ : زمین کی طرف كَمْ : کس قدر اَنْۢبَتْنَا : اگائیں ہم نے فِيْهَا : اس میں مِنْ كُلِّ : ہر قسم زَوْجٍ : جوڑا جوڑا كَرِيْمٍ : عمدہ
کیا یہ لوگ زمین کو نہیں دیکھتے کہ ہم نے اس میں اچھی قسم کی کس قدر چیزیں اگائی ہیں
ان کو نشانی دیکھنے کا بہت شوق ہے کیا اس زمین سے طرح طرح کی نباتات اگانا نشانی نہیں ؟ : 7۔ ان اندھوں کا بار بار مطالبہ ہے کہ اگر وہ اللہ کا رسول ہے تو ہم کو کوئی نشانی دکھائے جس کو دیکھ کر ہم اس کو اللہ کا رسول مان لیں اگر وہ اپنے اس مطالبہ میں سچے ہیں تو نشانیاں تو ان کے آگے اور پیچھے ‘ دائیں اور بائیں ہر طرف موجود ہیں اگر وہ بینا آنکھ رکھتے تو انکو وہ نظر آتیں ، کبھی انہوں نے اپنے اردگرد ان سرسبز مرگزاروں ‘ لہلہاتے ہوئے کھیتوں اور شاداب باغوں کو نہیں دیکھا ‘ انکے پتے پتے پر قدرت الہی کی اتنی کھلی اور واضح نشانیاں موجود ہیں اگر انکو نشانیاں ہی ماننا ہوتیں تو ان پر وہ ایک نگاہ ڈال لیتے تو انکا سارا معاملہ حل ہوجاتا ، بات بالکل واضح ہے کہ وہ ہدایت کے خواہش مند نہیں بلکہ کٹ حجتیاں کرتے ہیں اور حقیقت کو مذاق کا رنگ دیتے ہیں ، نشانی سے ان کا مطالبہ دراصل عذاب ہے جو منکرین پر نازل ہوتا ہے اور ان کو تہس نہس کرکے رکھ دیتا ہے لیکن اس کا انحصار نہ پہلوں کی مرضی پر تھا اور نہ ان کی مرضی پر ہے اس کا وقت آئے گا تو ان کا تیاپانچا کردیا جائے گا اور بلاشبہ اس کے وقت سے ہم واقف ہیں ۔
Top