Urwatul-Wusqaa - An-Naba : 36
جَزَآءً مِّنْ رَّبِّكَ عَطَآءً حِسَابًاۙ
جَزَآءً : بدلہ ہے مِّنْ رَّبِّكَ : تیرے رب کی طرف سے عَطَآءً : بدلہ/ بخشش حِسَابًا : بےحساب/ کفایت کرنے والی
انہیں تیرے رب کی طرف سے ایسا بدلہ دیا جائے گا جو مناسب حال ہو گا
انہیں تیرے رب سے ایسا بدلہ ملے گا جو ان کے مناسب حال ہو گا ۔ 36 یہ ان نیکوں کاروں کی بات کی جا رہی ہے جن کا تقویٰ و پرہیز گاری اس دنیا میں مثال تھی کہ انہوں نے اس دنیا میں جس طرح ایک مثالی مقام پیدا کیا آخرت میں ان کو اس کا بدلہ بھی مثالی ہی ہوگا اور ان کو اتنا دیا جائے گا کہ ان کے دل اور آنکھیں سب بھر جائیں گے اور وہاں وہ کسی چیز کی کمی محسوس ہی نہیں کریں گے۔ فرمایا ان کو وہاں جو کچھ دیا جائے گا وہ سب کچھ ان کے اپنے ہی اعمال کی جزا ہوگی جو ان کے رب کے ہاں محفوظ رکھی گئی تھی اور اس کے علاوہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ان کی کامیابی کا جو انعام ملے گا وہ اس کے سوا ہوگا اور اس کو زیر نظر آیت میں (عطا) کے نام سے موسوم کیا گیا ہے کہ وہ جس میں جس قدر اپنی مصلحت سمجھے گا عطا کر دے گا ۔ انسانوں کے حساب پر اس کو نہیں چھوڑے گا۔ (حساباً ) حساب کے معنی شمار ، گننا کے ہیں اور یہ حسب یحسب کا مصدر ہے اور آیت میں ارشاد الٰہی ہے کہ : (واللہ یرزق من یشآء بغیر حساب) اس میں امام راغب نے حسب ذیل نو و جھیں بیان کی ہیں : (1) کہ وہ استحقاق میں زیادہ عطا فرماتا ہے ۔ (2) کہ وہ عطا فرماتا ہے ، لیتا نہیں ہے۔ (3) اس قدر عطا فرماتا ہے کہ کسی بشر کے لئے اس کی عطائوں اور بخششوں کا شمار ناممکن ہے۔ (4) بلا مضائقہ اور بغیر کسی تنگی کے دیتا ہے۔ (5) جس قدر اپنی مصلحت سمجھتا ہے عطا فرماتا ہے اس کو انسانوں کے حساب پر نہیں رکھتا۔ (6) دیتا ہے اور دے کر اکثر وہ حساب نہیں لیتا جب کہ کوئی ناشکری نہ کرے۔ (7) اللہ تعالیٰ قیامت کے روز ایمان والوں کو ان کے استحقاق سے زیادہ بدلہ عطا فرمائے گا۔ (8) اس جگہ سے انسان کو رزق عطا فرما دیتا ہے جہاں سے کسی انسان کو اتنا رزق ملنے کی ہرگز ہرگز توقع نہیں ہوتی۔ (9) ایک چیز سے اتنا وافر رزق عطا فرما دیتا ہے کہ اس چیز سے اتنا رزق ملتا ہے کہ کسی انسان کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوتا کہ اس چیز سے مجھے اتنا وافر رزق میسر آئے گا لیکن اس سے کوئی یہ نہ سمجھے کہ اللہ تعالیٰ اتنا رزق دیتا ہے کہ اس کو اس کا حساب ہی نہیں رہتا کہ میں نے اس بندے کو کتنا رزق دیا ہے۔ ایسا تصور کرنا عیب ظاہر کرتا ہے جس سے اللہ تعالیٰ کی ذات پاک اور منزہ ہے۔
Top