Al-Quran-al-Kareem - Hud : 111
وَ اِنَّ كُلًّا لَّمَّا لَیُوَفِّیَنَّهُمْ رَبُّكَ اَعْمَالَهُمْ١ؕ اِنَّهٗ بِمَا یَعْمَلُوْنَ خَبِیْرٌ
وَاِنَّ : اور بیشک كُلًّا : سب لَّمَّا : جب لَيُوَفِّيَنَّهُمْ : انہیں پورا بدلہ دیگا رَبُّكَ : تیرا رب اَعْمَالَهُمْ : ان کے عمل اِنَّهٗ : بیشک وہ بِمَا يَعْمَلُوْنَ : جو وہ کرتے ہیں خَبِيْرٌ : باخبر
اور بیشک ان سب کو جب (وقت آئے گا) تو تیرا رب انھیں ان کے اعمال یقینا پورے پورے دے گا، بیشک وہ اس سے جو وہ کر رہے ہیں، پوری طرح باخبر ہے۔
وَاِنَّ كُلًّا لَّمَّا لَيُوَفِّيَنَّهُمْ۔۔ :”كُلًّا“ میں تنوین عوض کی ہے، یعنی اس کا مضاف الیہ محذوف ہے۔ اصل میں تھا ”کُلُّھُمْ“ یا ”کُلُّ ھٰؤُلَاءِ“ (یہ سب لوگ) ”لَمَّا“ کا معنی ”جب“ ہے، یہ حرف شرط ہے جس کی شرط محذوف ہے۔ ”لَيُوَفِّيَنَّهُمْ“ اس کی جزا ہے۔ وہ محذوف شرط ”لَمَّا“ کے معنی کے مطابق نکالی جائے گی، یعنی ”لَمَّا جَاءَ أَجَلُھُمْ“ یعنی بیشک یہ سب لوگ (جب ان کا وقت آئے گا) تو یقیناً انھیں ان کا رب ان کے اعمال کا ضرور پورا پورا بدلہ دے گا۔ چونکہ وہ لوگ قیامت کے منکر تھے، اس لیے اس جملے میں کئی طرح سے تاکید آئی ہے۔ ”اِنَّ“ ، لام تاکید اور نون ثقیلہ۔ ”لَّمَّا“ کا مابعد حذف کرنے سے بھی ایک ہیبت پیدا ہو رہی ہے، کیونکہ خود لفظ ”لَّمَّا“ میں وقت کا مفہوم شامل ہے، یعنی جب وہ وقت آئے گا۔ (”اِنَّ كُلًّا لَّمَّا“ کی یہ سب سے واضح اور آسان توجیہ ہے) دیکھیے تفسیر الشعراوی۔ تفسیر نسفی میں ہے : ”قَالَ صَاحِبُ الإِْیْجَازِ ”لَمَّا“ فِیْہِ مَعْنَی الظَّرْفِ وَقَدْ دَخَلَ فِی الْکَلاَمِ اخْتِصَارٌ کَأَنَّہُ قِیْلَ ”وَإِنَّ کُلاًّ لَّمَّا بُعِثُوْا لَیُوَفِّیَنَّھُمْ رَبُّکَ“ مطلب وہی ہے جو اوپر گزرا، البتہ انھوں نے ”لَمَّا جَاءَ أَجَلُھُمْ“ کے بجائے ”لَمَّا بُعِثُوْا“ محذوف نکالا ہے۔ اِنَّهٗ بِمَا يَعْمَلُوْنَ خَبِيْرٌ : اس میں اعمال کی جزا پوری پوری دینے کی وجہ بیان کی ہے کہ وہ ان کے اعمال سے پوری طرح باخبر ہے، اس لیے عمل نیک ہو یا بد اس کا پورا پورا بدلہ ملے گا۔
Top