Dure-Mansoor - Maryam : 41
وَ اذْكُرْ فِی الْكِتٰبِ اِبْرٰهِیْمَ١ؕ۬ اِنَّهٗ كَانَ صِدِّیْقًا نَّبِیًّا   ۧ
وَاذْكُرْ : اور یاد کرو فِي الْكِتٰبِ : کتاب میں اِبْرٰهِيْمَ : ابراہیم اِنَّهٗ كَانَ : بیشک وہ تھے صِدِّيْقًا : سچے نَّبِيًّا : نبی
اور کتاب میں ابراہیم کا ذکر کیجئے۔ بیشک وہ صدیق تھے نبی تھے
1:۔ ابونعیم اور دیلمی نے ا نس ؓ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا والد کا حق اس کی اولاد پر یہ ہے کہ اس کا نام نہ لے مگر جس طرح ابراہیم (علیہ السلام) نے اپنے والد کو پکارا تھا اے میرے باپ اور اس کے نام کے ساتھ اس کو نہ پکارے۔ 2:۔ ابن منذر اور ابن ابی حاتم نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ (آیت) ” لارجمنک “ سے مراد ہے کہ میں تجھ کو ضرور گالیاں دوں گا (آیت) ” واھجرنی ملیا “ یعنی ایک مدت تک۔ 3:۔ ابن جریر، ابن منذر، اور ابن ابی حاتم نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ (آیت) ” واھجرنی ملیا “ سے مراد ہے صحیح سالم مجھ سے دور ہوجا اس سے پہلے کہ میری طرف سے کوئی سزا تجھ کو پہنچ جائے۔ عبد بن حمید نے عکرمہ ؓ سے اسی طرح روایت کیا ہے۔ 4:۔ عبدالرزاق اور عبد بن حمید نے قتادہ (رح) سے روایت کیا کہ (آیت) ” واھجرنی ملیا “ یعنی مجھ کو چھوڑ جا سلامتی کے ساتھ۔ عبد بن حمید نے حسن (رح) سے اسی طرح روایت کیا ہے۔ 5:۔ عبد بن حمید نے مجاہد (رح) سے روایت کیا کہ (آیت) ” واھجرنی ملیا “ یعنی ایک مدت تک۔ 6:۔ ابن انباری نے وقف میں حضرت ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ نافع بن ازرق نے ان سے پوچھا کہ مجھے اللہ تعالیٰ کے اس قول (آیت) ” واھجرنی ملیا “ میں ” الملی “ سے کیا مراد ہے ؟ فرمایا طویلا (یعنی طویل مدت تک) پھر فرمایا اس کے معنی میں مھلھل نے یہ لفظ استعمال کیا ہے : وتصدعت شم الجبال لموتہ وبکت علیہ المرملات ملیا : ترجمہ : پہاڑوں کے سر پھٹ گئے اور اس کی موت کی وجہ سے اور اس پر طویل عرصہ تک بیوہ عورتیں روتی رہیں۔ 7:۔ ابن جریر نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ (آیت) ” انہ کان بی حفیا “ کا معنی ہے لطیفا یعنی مہربان۔ 8:۔ ابن منذر اور ابن ابی حاتم نے مجاہد (رح) سے روایت کیا کہ (آیت) ” انہ کان بی حفیا “ یعنی وہ ہمیشہ اس کی دعا قبول کرتا ہے۔ 9:۔ ابن ابی حاتم نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ (آیت) ” وھبنا لہ اسحاق و یعقوب “ سے مراد ہے کہ ہم نے ان کو اسحاق بیٹا اور یعقوب پوتا عطا فرمایا۔ 10:۔ ابن جریر، ابن منذر اور ابن ابی حاتم نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ (آیت) ” وجعلنا لہم لسان صدق علیہا “ سے مراد ہے تعریف۔
Top