Kashf-ur-Rahman - Yunus : 35
قُلْ هَلْ مِنْ شُرَكَآئِكُمْ مَّنْ یَّهْدِیْۤ اِلَى الْحَقِّ١ؕ قُلِ اللّٰهُ یَهْدِیْ لِلْحَقِّ١ؕ اَفَمَنْ یَّهْدِیْۤ اِلَى الْحَقِّ اَحَقُّ اَنْ یُّتَّبَعَ اَمَّنْ لَّا یَهِدِّیْۤ اِلَّاۤ اَنْ یُّهْدٰى١ۚ فَمَا لَكُمْ١۫ كَیْفَ تَحْكُمُوْنَ
قُلْ : آپ پوچھیں هَلْ : کیا مِنْ : سے شُرَكَآئِكُمْ : تمہارے شریک مَّنْ : جو يَّهْدِيْٓ : راہ بتائے اِلَى الْحَقِّ : حق کی طرف (صحیح) قُلِ : آپ کہ دیں اللّٰهُ : اللہ يَهْدِيْ : راہ بتاتا ہے لِلْحَقِّ : صحیح اَفَمَنْ : پس کیا جو يَّهْدِيْٓ : راہ بتاتا ہے اِلَى الْحَقِّ : حق کی طرف (صحیح) اَحَقُّ : زیادہ حقدار اَنْ يُّتَّبَعَ : پیروی کی جائے اَمَّنْ : یا جو لَّا يَهِدِّيْٓ : وہ راہ نہیں پاتا اِلَّآ : مگر اَنْ : یہ کہ يُّهْدٰى : اسے راہ دکھائی جائے فَمَا لَكُمْ : سو تمہیں کیا ہوا كَيْفَ : کیسا تَحْكُمُوْنَ : تم فیصلہ کرتے ہو
آپ ان سے پوچھئے کیا تمہارے بنائے ہوئے شرکاء میں سے کوئی ایسا ہے جو دین حق کا راستہ دکھا سکے۔ آپ کہہ دیجئے کہ اللہ ہی امر حق کی جانب رہنمائی کرتا ہے تو کیا بھلا وہ شخص جو امر حق کی جانب رہنمائی کرتا ہے وہ اس بات کا زیادہ حقدار ہے کہ اس کی پیروی کی جائے یا وہ حقدار ہے جو بغیر کسی دوسرے کے راستہ بتائے خود بھی راستہ نہ پاسکے تو تم لوگوں کو کیا ہوگیا تم کیسا فیصلہ کرتے ہو
35 اے پیغمبر آپ ان سے دریافت کیجئے کیا تمہارے بنائے ہوئے اور تجویز کردہ شرکاء میں سے کوئی ایسا ہے جو امر حق اور دین حق کا راستہ دکھا سکے آپ کہہ دیجئے کہ اللہ تعالیٰ ہی امرحق کی جانب رہنمائی کرتا ہے بھلا وہ جو امر حق کی جانب رہنمائی کرتا ہے وہ پیروی اور اتباع کا زیادہ حقدار ہے یا وہ ہے جو بدون کسی دوسرے کے راستہ بتائے خود بھی راستہ نہ پا سکے تو اے مشرکو ! تم کو کیا ہوگیا تم کیسافیصلہ کرتے ہو۔ یعنی تمہارے شرکاء میں سے کوئی ایسا بھی ہے جو راہ راست بتاسکتا ہو اللہ تعالیٰ کی یہ شان ہے کہ وہ راہ راست بتاتا ہے جیسا کہ پیغمبروں کو بھیجتا ہے کتابیں نازل کرتا ہے تو وہی اس بات کا مستحق ہے کہ اس کے کہنے پر چلا جائے نہ کہ وہ جو خود ہی راستہ دکھانے اور بتانے کے محتاج ہیں کسی اور کو تو کیا راستہ دکھائیں گے مراد اس سے جن اور شیاطین ہیں ورنہ بت تو نہ راستہ بتانے کے اہل ہیں نہ راستہ دکھانے کے اور اگر مراد عام ہو تو مطلب یہ ہوگا کہ راستہ بتانے کے اہل تو کیا ہوں گے ان میں تو یہ صلاحیت بھی نہیں کہ ایک جگہ سے بغیر اٹھائے اور ہٹائے کسی دوسری جگہ جا بھی سکیں جو محتاج ہو اسکی عبادت کرنا اس سے مانگنا بیکار ہے۔
Top