Kashf-ur-Rahman - Al-Hadid : 8
وَ مَا لَكُمْ لَا تُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰهِ١ۚ وَ الرَّسُوْلُ یَدْعُوْكُمْ لِتُؤْمِنُوْا بِرَبِّكُمْ وَ قَدْ اَخَذَ مِیْثَاقَكُمْ اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ
وَمَا لَكُمْ : اور کیا ہے تمہارے لیے لَا تُؤْمِنُوْنَ باللّٰهِ ۚ : نہیں تم ایمان لاتے ہو اللہ پر وَالرَّسُوْلُ : اور رسول يَدْعُوْكُمْ : بلاتا ہے تم کو لِتُؤْمِنُوْا بِرَبِّكُمْ : تاکہ تم ایمان لاؤ اپنے رب پر وَقَدْ اَخَذَ : حالانکہ تحقیق اس نے لیا ہے مِيْثَاقَكُمْ : پختہ عہد تم سے اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِيْنَ : اگر ہو تم ایمان لانے والے
اور تم کو کیا ہوا کہ تم اللہ پر ایمان نہیں لاتے حالانکہ رسول تم کو اس بات کی دعوت دے رہا ہے کہ تم اللہ پر ایمان لائو اور تم سے تو خود اللہ تعالیٰ پختہ عہد لے چکا ہے بشرطیکہ تم باور کرو۔
(8) اور تم کو کیا ہوا کہ تم اللہ تعالیٰ پر ایمان نہیں لاتے حالانکہ رسول اللہ ﷺ تم کو اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے کی دعوت دے رہے ہیں اور تم کو ایمان باللہ کی جانب بلا رہے ہیں کہ تم اللہ تعالیٰ پر ایمان لائو اور بلا شبہ تم سے تو خود اللہ تعالیٰ پختہ عہد لے چکا ہے بشرطیکہ تم باور کرو اور تم کو ایمان لانا ہو۔ یعنی ایمان لانے میں کیوں توقف کررہے ہو اور تم کو کیا چیز مانع اور حارج ہے جبکہ ایمان کے دواعی موجود ہیں اول تو رسول اللہ ﷺ تم کو ایمان کی دعوت دے رہے ہیں پھر تم سے اللہ تعالیٰ نے خودبھی عہد لے چکا ہے یعنی یوم میثاق میں الست بربکم فرما کر تم سے عہد لیات ھا اور تم نے بلیٰ کہا تھا تو اگر تم کو ایمان لانا ہو تو رسول کی دعوت اور تمہارا اپنا عدہ خدا کے ساتھ تمہارے ایمان لانے کے لئے کافی داعیہ اور متحرک موجود ہے۔ آگے رسول اللہ ﷺ کے مرتبے کی اور وضاحت فرماتے ہیں۔ حضرت شاہ صاحب (رح) فرماتے ہیں اللہ قرار لے چکا ہے دنیا میں آنے سے پہلے اور اس کا اثر رکھ دیا ہے دل میں۔
Top