Tafseer-e-Madani - Al-Furqaan : 76
خٰلِدِیْنَ فِیْهَا١ؕ حَسُنَتْ مُسْتَقَرًّا وَّ مُقَامًا
خٰلِدِيْنَ : وہ ہمیشہ رہیں گے فِيْهَا : اس میں حَسُنَتْ : اچھی ہے مُسْتَقَرًّا : آرام گاہ وَّمُقَامًا : اور مسکن
وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے وہ کیا ہی عمدہ ٹھکانہ ہوگا اور کیسی ہی خوب ابدی قیام کی جگہ ہوگی،
97 جنت کی عظمت شان کا ذکر : سو ارشاد فرمایا گیا کہ " کیا ہی عمدہ ٹھکانہ ہوگا وہ اور کیسی خوب وہ ابدی قیامگاہ ہوگی وہ "۔ یعنی ایسی جگہ میں عارضی طور پر قیام کی توفیق وسعادت بھی اگر نصیب ہوجائے تو اس کے بھی کیا کہنے ؟ چہ جائیکہ سدا رہنے کا ٹھکانہ مل جائے ۔ فَشَرِّفْنَا بِہَا یَا اَللّٰہُ ۔ نہ کبھی وہاں سے نکلنا ہوگا اور نہ ہی کبھی ان کو وہاں پر موت آئے گی۔ بلکہ وہ وہاں کی ان نعمتوں میں ہمیشہ رہیں گے۔ جیسا کہ دوسرے مختلف مقامات پر فرمایا گیا ۔ اللہ نصیب فرمائے ۔ آمین۔ سو یہی ہے اصل اور حقیقی کامیابی جس کو ہمیشہ پیش نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ اسی کے لیے محنت اور کوشش کرنی چاہیے ۔ { لِمِثْلِ ہٰذَا فَلْیَعْمَلِ الْعَامِلُوْنَ } ۔ اور اسی کے حصول اور اس سے سرفرازی کے لیے ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ { وَفِی ذَالِکَ فَلْیَتَنَافَسِ الْمُتَنَافِسُوْنَ } ۔ اللہ نصیب فرمائے اور محض اپنے فضل وکرم سے راہ حق و ہدایت پر مستقیم اور ثابت قدم رکھے ۔ آمین ثم آمین ۔ اللہ ہمیشہ اپنی رضا کی راہوں پر مستقیم وثابت قدم رکھے ۔ آمین ثم آمین۔
Top