Tafseer-e-Madani - Aal-i-Imraan : 150
بَلِ اللّٰهُ مَوْلٰىكُمْ١ۚ وَ هُوَ خَیْرُ النّٰصِرِیْنَ
بَلِ : بلکہ اللّٰهُ : اللہ مَوْلٰىكُمْ : تمہارا مددگار ہے وَھُوَ : اور وہ خَيْرُ : بہتر النّٰصِرِيْنَ : مددگار (جمع)
بلکہ اللہ ہی تمہارا حامی و مددگار ہے، اور وہی ہے سب سے بہتر مدد کرنے والاف 3
300 اللہ ہی سب کا ناصر و مددگار ہے : سو ارشاد فرمایا گیا کہ اللہ ہی حامی و ناصر اور مددگار ہے تم سب لوگوں کا اور وہی ہے سب سے بہتر مدد کرنے والا۔ پس تم لوگ دل کا بھروسہ ہمیشہ اسی وحدہ لاشریک پر رکھو کہ اس کی رحمت و عنایت بھی کامل اور اس کی قدرت وعطاء بھی لامحدود و شامل ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ روایات میں ہے کہ غزوہ احد سے واپسی کے موقع پر جب ابوسفیان نے " ھبل " کی جئے پکاری اور کہا " لَنَا الْعُزّٰی وَلا عُزّٰی لَکُمْ " یعنی " ہمارے لئے عزی ہے اور تمہارے لئے کوئی عزی نہیں " تو آنحضرت ﷺ نے صحابہ کرام ۔ رضوان اللہ علیہم اجمعین ۔ کو حکم دیا کہ تم یوں کہو " اَللّٰہُ مَوْلانَا وَلا مَوْلٰی لَکُمْ " کہ " اللہ ہمارا مالک و کارساز ہے تمہارا کوئی مولیٰ و کارساز نہیں "۔ سو ان نصوص کریمہ میں حصر کے ساتھ بتایا گیا کہ حامی و ناصر سب کا اللہ وحدہ لاشریک ہی ہے اور رسول اللہ ﷺ نے اپنے صحابہ کرام ؓ کو اسی کی تعلیم و تلقین فرمائی کہ مددگار سب کا اللہ وحدہ لاشریک ہی ہے۔ حتی کہ حضرت امام الانبیائ ﷺ خود بھی اسی وحدہ لاشریک سے مدد مانگتے اور اسی سے مدد مانگنے کی تعلیم و تلقین فرماتے ہیں۔ اور حضرات صحابہ کرام ؓ میں سے کسی نے بھی کبھی خرق عادت اور خلاف اسباب کے طور پر آپ ﷺ سے مدد نہیں مانگی۔ اور خود آپ ﷺ کی حیات طیبہ میں اور اپنی موجودگی کے دوران بھی، کبھی کوئی ایسی بات نہیں کی۔ لیکن آج کا جاہل مسلمان ہے کہ اس سب کے باوجود طرح طرح کے شرکیہ نعرے لگاتا ہے۔ کہیں وہ کہتا ہے " یارسول اللہ اَغِثْنِیْ " اور کہیں " یا پیر دستگیر " اور کہیں " یا علی مدد " وغیرہ وغیرہ ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ حالانکہ یہ مقدس اور برگزیدہ ہستیاں خود بھی زندگی بھر اللہ وحدہ لاشریک ہی کو پکارتی رہیں اور اسی کو پکارنے کی دعوت اور درس دیتی رہیں۔ اور یہ سب حضرات اپنی اپنی نمازوں میں اپنے خالق ومالک کے حضور دست بستہ اسی طرح عرض کرتے رہے { اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَاِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ } کہ " مالک ہم تیری ہی بندگی کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے اور تجھ ہی سے مدد مانگتے ہیں اور مانگتے رہیں گے "۔ سو حاجت روا و مشکل کشا سب کا اللہ وحدہ لاشریک ہی ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ سب اسی کے محتاج ہیں ۔ جل وعلا شانہ -
Top