Tafseer-e-Madani - Al-A'raaf : 51
الَّذِیْنَ اتَّخَذُوْا دِیْنَهُمْ لَهْوًا وَّ لَعِبًا وَّ غَرَّتْهُمُ الْحَیٰوةُ الدُّنْیَا١ۚ فَالْیَوْمَ نَنْسٰىهُمْ كَمَا نَسُوْا لِقَآءَ یَوْمِهِمْ هٰذَا١ۙ وَ مَا كَانُوْا بِاٰیٰتِنَا یَجْحَدُوْنَ
الَّذِيْنَ : وہ لوگ جو اتَّخَذُوْا : انہوں نے بنالیا دِيْنَهُمْ : اپنا دین لَهْوًا : کھیل وَّلَعِبًا : اور کود وَّغَرَّتْهُمُ : اور انہیں دھوکہ میں ڈالدیا الْحَيٰوةُ : زندگی الدُّنْيَا : دنیا فَالْيَوْمَ : پس آج نَنْسٰىهُمْ : ہم انہیں بھلادینگے كَمَا نَسُوْا : جیسے انہوں نے بھلایا لِقَآءَ : ملنا يَوْمِهِمْ : ان کا دن ھٰذَا : یہ۔ اس وَ : اور مَا كَانُوْا : جیسے۔ تھے بِاٰيٰتِنَا : ہماری آیتوں سے يَجْحَدُوْنَ : وہ انکار کرتے تھے
جنہوں نے کھیل تماشہ بنا رکھا تھا اپنے دین کو، ان کو دھوکے میں ڈالا ہوا تھا دنیا کی زندگی (اور اس کی چمک دمک) نے، سو آج ہم بھی انہیں (اسی طرح) بھلا دیں گے جس طرح کہ انہوں نے بھلا رکھا تھا اپنے اس دن کی پیشی کو، اور جس طرح وہ ہماری آیتوں کا انکار کیا کرتے تھے،
69 دنیاوی زندگی اور اس کا دھوکہ : سو ارشاد فرمایا گیا کہ ان کو دھوکے میں ڈال رکھا تھا دنیا کی زندگی اور اس کی چمک دمک نے کہ بس یہی دنیا سب کچھ ہے۔ جس نے یہاں مزے کر لئے اس نے سب کچھ پا لیا ورنہ کچھ نہیں وغیرہ وغیرہ۔ اور دنیاوی زندگی کی چہل پہل اور اسکی چمک دمک ہی سب کچھ ہے۔ اس لیے اسی کو انہوں نے اپنی زندگی کا مقصد اور نصب العین بنادیا اور وہ اسی کیلئے جینے اور اسی کیلئے مرنے لگے۔ جبکہ دنیاوی زندگی اصل میں آخرت کی کھیتی ہے۔ سو دنیاوی زندگی کی ریل پیل، چہل پہل، اور اس کی فانی لذتوں اور عیش پرستیوں نے ان کو آخرت کی حقیقی اور ابدی زندگی اور اس کے تقاضوں سے غافل کر رکھا تھا۔ اور انہوں نے یہ سمجھ رکھا تھا کہ ہم یونہی مزے لوٹتے اور عیش کرتے رہیں گے۔ کوئی ہم سے باز پرس کرنے والا نہیں۔ سو اس سے ان کی زندگی کے انداز ہی بدل گئے تھے اور ان کا راستہ ہی غلط ہوگیا تھا ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ اللہ تعالیٰ فکر وعمل کی ہر کجی اور انحراف سے ہمیشہ محفوظ رکھے ۔ آمین ثم آمین۔
Top