Tafseer-e-Majidi - Yunus : 7
اِنَّ الَّذِیْنَ لَا یَرْجُوْنَ لِقَآءَنَا وَ رَضُوْا بِالْحَیٰوةِ الدُّنْیَا وَ اطْمَاَنُّوْا بِهَا وَ الَّذِیْنَ هُمْ عَنْ اٰیٰتِنَا غٰفِلُوْنَۙ
اِنَّ : بیشک الَّذِيْنَ : وہ لوگ جو لَا يَرْجُوْنَ : امید نہیں رکھتے لِقَآءَنَا : ہمارا ملنا وَرَضُوْا : اور وہ راضی ہوگئے بِالْحَيٰوةِ : زندگی پر الدُّنْيَا : دنیا وَاطْمَاَنُّوْا : اور وہ مطمئن ہوگئے بِهَا : اس پر وَالَّذِيْنَ : اور جو لوگ ھُمْ : وہ عَنْ : سے اٰيٰتِنَا : ہماری آیات غٰفِلُوْنَ : غافل (جمع)
بیشک جن لوگوں کو ہماری ملاقات کا کھٹکا ہی نہیں،13۔ اور وہ دنیوی زندگی پر راضی،14۔ ہوگئے اور اسی سے جی لگا بیٹھے ہیں،15۔ اور جو لوگ ہماری نشانیوں سے (بالکل) بےپروا رہتے ہیں،16۔
13۔ یا ” جن لوگوں کو ہماری ملاقات کی امید ہی نہیں “۔ رجاء لغات اضداد میں سے ہے، اس کے معنی ” اندیشہ “ اور ” امید “ دونوں کے ہیں۔ اور مطلق توقع کے بھی۔ الرجاء یطلق علی توقع الخیر وعلی الخوف و توقع الشر وعلی مطلق التوقع (روح) بہرحال آخرت سے غفلت ہر صورت میں مشترک ہے، اور انسان کی گمراہی کا پہلا زینہ عموما یہی آخرت سے غفلت ہی ہوتی ہے۔ 14۔ (اور اس لیے آخرت کی طلب ہی نہیں رکھتے، اسی دنیوی زندگی میں مگن ہیں) گمراہی کی یہ دوسری منزل ہوئی۔ 15۔ (اور مادی زندگی پر شادوشادمان ہو کر آخرت کی طرف سے بالکل ہی بےپرواہوبیٹھے ہیں) گمراہی کی یہ تیسری منزل ہوئی، پہلے تو یہ ہوتا ہے کہ نعمت آخرت کی تمنا وطلب دل سے مٹ جاتی ہے اور پھر یہ ہوجاتا ہے کہ اپنے انجام وفنا کی طرف بھی خیال نہیں جاتا۔ اسی دنیوی زندگی کی دلچسپیوں اور رنگینیوں میں ایسا انہماک ہوجاتا ہے کہ ” اوپر “ کی کھٹک کبھی کبھی بھی نہیں پیدا ہوتی۔ 16۔ یعنی روز مرہ کی غفلت وبے حسی، بےپروائی کے علاوہ ایسی نشانیاں جو خاص طور پر چونکا دینے والی ہوتی ہیں۔ مثلا قحط، زلزلہ وبا، جنگ عمومی، ناگہانی مالی وجانی صدمات، یہ تک بھی انہیں بیدار نہیں کرتے۔ اور یہ بدستور فکر آخرت کی طرف سے بےپرواہی رہتے ہیں۔ شامت زدہ انسان کی ضلالت کا یہ چوتھا اور بالکل آخری مرتبہ ہے ! اور افسوس ہے کہ ذکر وفکر آخرت کی طرف سے یہی بےاعتنائی اور دنیوی سازوسامان اور مادی علوم وفنون وصنائع کی طرف یہی انہماک اور شدت التفات تہذیب فرنگی کا جزء اعظم ہیں !” مہذب “ اور ” اعلی “ سو سائٹی میں دوزخ و جنت برزخ اور وقت نزع کا کسی کی زبان پر نام تک نہ آنے پائے۔ (ملاحظہ ہو حاشیہ تفسیر انگریزی)
Top