Ruh-ul-Quran - Hud : 102
وَ كَذٰلِكَ اَخْذُ رَبِّكَ اِذَاۤ اَخَذَ الْقُرٰى وَ هِیَ ظَالِمَةٌ١ؕ اِنَّ اَخْذَهٗۤ اَلِیْمٌ شَدِیْدٌ
وَ : اور كَذٰلِكَ : ایسی ہی اَخْذُ : پکڑ رَبِّكَ : تیرا رب اِذَآ اَخَذَ : جب اس نے پکڑا (پکڑتا ہے) الْقُرٰي : بستیاں وَهِىَ : اور وہ ظَالِمَةٌ : ظلم کرتے ہوں اِنَّ : بیشک اَخْذَهٗٓ : اس کی پکڑ اَلِيْمٌ شَدِيْدٌ : دردناک سخت
اور اسی طرح ہوتی ہے تیرے رب کی پکڑ جبکہ وہ بستیوں کو ان کے ظلم میں پکڑتا ہے۔ بیشک اس کی پکڑ بڑی ہی دردناک اور سخت ہے۔
وَکَذٰلِکَ اَخْذُ رَبِّکَ اِذَآ اَخَذَالْقُرٰی وَھِیَ ظَالِمَۃٌ ط اِنَّ اَخْذَہٗٓ اَلِیْمٌ شَدِیْدٌ۔ (سورۃ ہود : 102) (اور اسی طرح ہوتی ہے تیرے رب کی پکڑ جبکہ وہ بستیوں کو ان کے ظلم میں پکڑتا ہے۔ بیشک اس کی پکڑ بڑی ہی دردناک اور سخت ہے) قریش کو تنبیہہ گزشتہ چند رکوع میں جن معذب قوموں کی داستان بیان ہوئی ہے اور جیسا ہولناک عذاب ان پر ٹوٹا ہے اس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پروردگار فرما رہا ہے کہ جب قومیں اپنے رب کو بھول جاتی ہیں اور اس کی نافرمانی اور سرکشی پر دلیر ہوجاتی ہیں، اس کی ربوبیت کے فیضان سے پلتی اور پروان چڑھتی ہیں لیکن اسی کی نافرمانی بھی کرتی ہیں تو پھر جب اللہ کی پکڑ آتی ہے تو وہ اس طرح آتی ہے جیسے آپ نے ان قوموں کی تباہی دیکھی ہے۔ کسی کو بحرقلزم میں غرق کیا اور کسی پر زلزلہ آیا اور پھر ان پر پتھروں کی بارش ہوئی، کسی کی دھرتی الٹ ڈالی گئی۔ غرضیکہ تباہی کی جتنی بھی بدترین شکلیں ہوسکتی ہیں انھیں ان تمام کا شکار ہونا پڑا اور یہ سب کچھ ان کے ساتھ اس لیے ہوا کہ ان بستیوں کے رہنے والے ظالم تھے۔ یعنی انھوں نے ہر وہ کام کیا جس سے انھیں روکا گیا تھا اور اپنی صلاحیتوں اور اپنے جسم و جان کو ان تمام کاموں میں صرف کیا جس کے لیے انھیں یہ صلاحیتیں اور جسم و جان عطا نہیں کیے گئے تھے۔ اور ان قوموں پر یہ سخت ترین عذاب کوئی اچنبھے کی بات نہیں۔ جب بھی اللہ پکڑتا ہے تو اس کی پکڑ ہمیشہ ایسی ہی دردناک اور شدید ہوتی ہے۔ وہ مہلت ضرور دیتا ہے کیونکہ وہ رحیم و کریم ہے، جلد بازی نہیں کرتا۔ لیکن جب پکڑتا ہے تو پھر نکل جانے اور بچ جانے کا کوئی موقع نہیں ہوتا۔ نہ جا اس کے تحمل پر کہ بےڈھب ہے گرفت اس کی ڈر اس کی دیرگیری سے کہ ہے سخت انتقام اس کا مشرکینِ مکہ کو توجہ دلائی جارہی ہے کہ تم بھی اب اسی میزان میں ہو جس میں باقی قومیں تولی جا چکی ہیں۔ ابھی موقع ہے کہ تلنے سے پہلے اپنے آپ کو درست کرلو، ورنہ اللہ کا عدل بےلاگ ہے جو کچھ دوسری قوموں کے ساتھ ہوا ہے تم اس سے بچ نہیں سکو گے۔
Top