Ruh-ul-Quran - Az-Zukhruf : 38
حَتّٰۤى اِذَا جَآءَنَا قَالَ یٰلَیْتَ بَیْنِیْ وَ بَیْنَكَ بُعْدَ الْمَشْرِقَیْنِ فَبِئْسَ الْقَرِیْنُ
حَتّىٰٓ : یہاں تک کہ اِذَا جَآءَنَا : جب وہ آئے گا ہمارے پاس قَالَ : کہے گا يٰلَيْتَ : اے کاش بَيْنِيْ : میرے درمیان وَبَيْنَكَ : اور تمہارے درمیان بُعْدَ الْمَشْرِقَيْنِ : دوری ہوتی دو مشرقوں کی فَبِئْسَ الْقَرِيْنُ : تو بہت برا ساتھی (نکلا)
یہاں تک کہ جب یہ شخص ہمارے پاس آئے گا تو اپنے شیطان سے کہے گا کہ کاش میرے اور تیرے درمیان مشرق کے دونوں کناروں کی دوری ہوتی، پس وہ کیا ہی برا ساتھی ہوگا
حَتّٰیٓ اِذَا جَـآئَ نَا قَالَ یٰـلَیْتَ بَیْنِیْ وَبَیْنَـکَ بُعْدَالْمَشْرِقَیْنِ فَبِئْسَ الْقَرِیْنُ ۔ (الزخرف : 38) (یہاں تک کہ جب یہ شخص ہمارے پاس آئے گا تو اپنے شیطان سے کہے گا کہ کاش میرے اور تیرے درمیان مشرق کے دونوں کناروں کی دوری ہوتی، پس وہ کیا ہی برا ساتھی ہوگا۔ ) دنیا کے مصاحبوں کا اصل چہرہ آخرت میں ظاہر ہوگا گمراہ کرنے والی قوتیں چاہے شیاطینِ جن سے تعلق رکھتی ہوں یا شیاطینِ اِنس سے، جن لوگوں کی گمراہی کے درپے ہوتی ہیں یقینا ان سے نہایت گہرا تعلق رکھتی ہیں۔ باہمی دکھ درد میں شریک اور خوشی اور مسرتوں کی ساتھی بن کر رہتی ہیں۔ دیکھنے والے بھی انھیں دو قالب و یک جان دیکھتے ہیں۔ اور اگر کوئی مصلح یا ہمدرد و غمگسار گمراہ ہونے والے شخص کو توجہ دلانے کی کوشش کرے تو وہ پنجے جھاڑ کر اس کے پیچھے پڑجاتا ہے اور اس پر بدخواہی کا الزام لگاتا ہے۔ لیکن قیامت کے روز جب یہ لوگ اللہ تعالیٰ کے حضور پہنچیں گے اور گمراہ ہونے والے کو اندازہ ہوگا کہ میں جسے اپنا ہمراز، دوست اور ہمدرد و غمگسار سمجھتا تھا اس نے تو مجھے ایسا بدراہ کیا کہ میں اپنی عاقبت برباد کر بیٹھا۔ اس نے اپنی خوبصورت چالوں سے مجھے کبھی سوچنے اور سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ اب اسے سامنے پا کر برہمی کی تصویر بن کر بھڑک اٹھے گا کہ کاش زندگی میں، میں نے تیری شکل نہ دیکھی ہوتی، کبھی ہمارے درمیان یک جائی نہ ہوئی ہوتی، کاش ہمارے درمیان مشرقین کی جدائی ہوتی یعنی ہمارے درمیان اتنا فاصلہ ہوتا جتنا مشرق اور مغرب کے درمیان ہے اور یا مشرق کے دونوں کناروں کے درمیان ہے کہ ہم ایک دوسرے سے کبھی آگاہ نہ ہوتے۔ تم نے مجھے دوستی کے چنگل میں ایسا پھنسایا کہ میں نفع و ضرر کو بھول گیا اور تیرا اصل چہرہ میں کبھی نہ پہچان سکا۔ پروردگار کی جانب سے ارشاد فرمایا جائے گا کہ یہ بہت برا ساتھی تھا جسے تو نے اپنا دوست سمجھا۔ اور آخرکار اس نے تمہیں تباہی کے کھڈ میں جا گرایا۔
Top