Taiseer-ul-Quran - Maryam : 91
اَنْ دَعَوْا لِلرَّحْمٰنِ وَلَدًاۚ
اَنْ دَعَوْا : کہ انہوں نے پکارا (منسوب کیا) لِلرَّحْمٰنِ : اللہ کے لیے وَلَدًا : بیٹا
اس بات پر انہوں نے رحمن کے لئے اولاد کا 79 دعویٰ کیا
79 یہود کے نزدیک عزیر اللہ کے بیٹے ہیں اور نصاریٰ عیسیٰ کو اللہ کا بیٹا کہتے ہیں۔ مشرکین مکہ فرشتوں کو اللہ کی بیٹیاں کہتے تھے اور دوسرے مشرکین کے دیوتا اور دیویاں سب اللہ کے بیٹے اور بیٹیاں یا ان کی اولاد ہے۔ گویا ان لوگوں نے اللہ کی نسل ہی چلا دی۔ اللہ تعالیٰ کے حق میں یہ اس قدر گستاخانہ بات ہے کہ اگر آسمان زمین اور پہاڑ وغیرہ ہول کے مارے پھٹ پڑیں اور ٹکڑے ٹکڑے ہوجائیں تو کچھ عجب نہیں۔ اس گستاخی پر اگر اللہ کا غضب بھڑک اٹھے اور زمین و آسمان کے پرخچے اڑ جائیں۔ نظام عالم تباہ و برباد ہوجائے تو سب کچھ ممکن ہے۔ یہ تو محض اس کا حلم ہے جو ایسی بےہودہ بات سن کر بھی دنیا کو یکدم تباہ نہیں کر رہا۔ چناچہ سیدنا ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا : کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں : (گویا یہ حدیث قدسی ہے) کہ ابن آدم نے مجھے جھٹلایا اور اسے ایسا نہیں کرنا چاہئے اور ابن آدم نے مجھے گالی دی اور اسے ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا۔ اس کا جھٹلانا تو یہ ہے کہ وہ یہ کہتا ہے کہ میں اسے مرنے کے بعد دوبارہ زندہ نہیں کرسکتا۔ گالی دینا یہ ہے کہ وہ کہتا ہے کہ میری اولاد ہے حالانکہ میں اس سے پاک ہوں کہ کسی کو بیوی یا بچہ بناؤں (بخاری، کتاب التفسیر، سورة مریم، زیر آیت متعلقہ، نیز سورة اخلاص)
Top