Urwatul-Wusqaa - An-Nahl : 6
وَ لَكُمْ فِیْهَا جَمَالٌ حِیْنَ تُرِیْحُوْنَ وَ حِیْنَ تَسْرَحُوْنَ۪
وَلَكُمْ : اور تمہارے لیے فِيْهَا : ان میں جَمَالٌ : خوبصورتی۔ شان حِيْنَ : جس وقت تُرِيْحُوْنَ : شام کو چرا کر لاتے ہو وَحِيْنَ : اور جس وقت تَسْرَحُوْنَ : صبح کو چرانے لے جاتے ہو
اور ان میں تمہاری نگاہوں کیلئے خوشنمائی پیدا ہوگئی ہے جو تم شام کے وقت انہیں واپس لاتے ہو اور جب صبح کو چھوڑ دیتے ہو
تفسیر : انسان کے لئے ان جانوروں میں جمال ہے جب چرانے لے جاتا ہے : 8۔ انسان کی ” انا “ کی تسکین بھی بہت بڑی چیز ہے اور وہ بھی ان جانوروں میں اس کے لئے وافر رکھی گئی ہے کبھی آپ اس وقت دیکھیں جب یہ لوگ اپنی گائیوں ‘ بھینسوں اور اونٹوں کو چرانے کے لئے لے جا رہے ہوں اور ان کو چرا کر واپس لا رہے ہوں تو ان لوگوں کی کیا شان ہوتی ہے اور کیا خوشی ان کو محسوس ہوتی ہے ؟ جس کے بیان کرنے کے لئے الفاظ کا ملنا بھی نہایت مشکل ہے اور اس تصویر کشی کا منظر دیکھ کر ہی اندازہ لگایا جاسکتا ہے ان کو چرانے کے لئے لے جانے کا وقت صبح کا ہے اور چرا کر واپس لانے کا وقت شام کا ہے ، فرمایا کبھی تم دیکھو جب وہ صبح سویرے اپنے جانوروں کو چرانے کے لئے اپنی بستیوں سے باہر نکلتے ہیں اور وہاں سے پھر چرانے کے بعد جب شام کو اپنے ڈیروں کی طرف واپس آتے ہیں تو وہ منظر دیکھنے والوں کے لئے کتنا خوبصورت ہوتا ہے اور ان جانورو کے مالکوں کی حالت تو دیدنی ہوتی ہے اور پھر خصوصا جب وہ اپنے گھوڑے پر سوار ہو کر ان جانوروں کے پیچھے چلتے ہیں تو کس شان سے چلتے ہیں اور پھر وہ راستے بھی آباد ‘ آباد دکھائی دیتے ہیں جہاں سے وہ گزر رہے ہوتے ہیں فرمایا ذرا غور کرو کہ جب اپنے ان مویشیوں کو یکجا مرغزاروں کو جاتے ہوئے یا وہاں سے آتے ہوئے تم دیکھتے ہو تو جو فرحت اور طمانیت تمہارے دل محسوس کرتے ہیں ذرا اس کا اندازہ لگاؤ تم اللہ تعالیٰ کے کس کس احسان کو بھلاؤ گے اور کس کس یاد رکھو گے اور کہاں تک اس کی ناشکری کرو گے ؟
Top