Urwatul-Wusqaa - An-Nahl : 7
وَ تَحْمِلُ اَثْقَالَكُمْ اِلٰى بَلَدٍ لَّمْ تَكُوْنُوْا بٰلِغِیْهِ اِلَّا بِشِقِّ الْاَنْفُسِ١ؕ اِنَّ رَبَّكُمْ لَرَءُوْفٌ رَّحِیْمٌۙ
وَتَحْمِلُ : اور وہ اٹھاتے ہیں اَثْقَالَكُمْ : تمہارے بوجھ اِلٰى : طرف بَلَدٍ : شہر (جمع) لَّمْ تَكُوْنُوْا : نہ تھے تم بٰلِغِيْهِ : ان تک پہنچنے والے اِلَّا : بغیر بِشِقِّ : ہلکان کر کے الْاَنْفُسِ : جانیں اِنَّ : بیشک رَبَّكُمْ : تمہارا رب لَرَءُوْفٌ : انتہائی شفیق رَّحِيْمٌ : رحم کرنے والا
اور یہی جانور ہیں جو تمہارا بوجھ اٹھا کر ایسے شہروں تک لے جاتے ہیں کہ تم وہاں تک نہیں پہنچ سکتے تھے مگر بڑی ہی جانکاہی کے ساتھ ، بلاشبہ تمہارا پروردگار بڑا ہی شفقت رکھنے والا ، بڑا ہی رحمت رکھنے والا ہے
تمہارے اللہ کی کتنی ہی تمہارے ساتھ شفقت ہے اور کتنا تم سے اس کو پیار ہے : 10۔ تم اپنے ان جانوروں پر غور کرتے جاؤ اور دیکھتے جاؤ کہ اللہ تعالیٰ نے تمہارے لئے ان میں کیا کیا فوائد ومنافع رکھ دیئے ہیں اور تم ان کو کس طرح حاصل کر رہے ہو لیکن تمہارے ذہن میں کبھی یہ خیال بھی پیدا نہیں ہوا کہ یہ ہمارے پروردگار کی رحمت اور شفقت ہی کا نتیجہ ہے کیونکہ وہ انسانوں کے ساتھ بہت ہی شفقت کرنے والا بہت ہی پیار کرنے والا ہے ۔ کیا تم نے کبھی اپنی ان ضرورتوں کا اس کے پاس اظہار کیا تھا کہ اس نے تم کو سہولت دینے کے لئے ان جانوروں کو پیدا کیا ، ہرگز نہیں بلکہ وہ رب العالمین ان سارے جہانوں کی ضرورتوں سے خود بخود ہی واقف تھا اور اس نے بغیر تمہارے مشورہ کے تمہارے لئے یہ آسانیاں فراہم کردیں اور پھر غور کرو کہ ان جانوروں کو صرف قوت گویائی نہ دے کر تم پر اس نے کیا احسان کیا ؟ اور اگر جانوروں کو وہ ناطق بنا دیتا تھا تمہارے لئے کیا کیا دشواریاں ہوتیں ؟ ان جانوروں کے بیان کرنے کی کیا ضرورت پیش آئی ؟ ضرورت یہ پیش آئی کہ لوگ آخرت کے متعلق آپ ﷺ کی باتیں سن کر یہ کہتے کہ آخر یہ سب کچھ کیسے ہو سکتا ہے ؟ ان کو کہا گیا کہ کیا تم نے اپنے نفسوں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو کبھی نہیں دیکھا ؟ اگر دیکھا ہے تو پھر کبھی غور کرکے بھی دیکھو کہ یہ اونٹ کیسے بن گئے ؟ یہ آسمان کیسے بلند ہوگیا ؟ یہ پہاڑ کیسے قائم ہوگئے ؟ یہ زمین کیسے بچھ گئی ؟ اور خصوصا تم خود کیسے پیدا ہوگئے ؟ اور تم کو یہ عقل وفکر کہاں سے ارزاں ملی ؟ اگرچہ سب کچھ بن گیا ہے اور تمہاری آنکھیں اس سب کچھ کو دیکھ رہی ہیں تو پھر تم ہی بتاؤ کہ یہ سب کچھ بنانے والا آخرت کو کیوں نہیں بنا سکتا ؟ دوزخ اور جنت کیوں نہیں ہو سکتی ؟ اور آخرت کی وہ ساری نعمتیں اور سارے عذاب کیوں نہیں ہو سکتے ؟ آخر اس میں مشکل کیا ہے ؟ اس طرح کے مضمون کو جاری رکھتے ہوئے مزید ارشاد فرمایا ہے کہ :
Top