Urwatul-Wusqaa - An-Nahl : 78
وَ اللّٰهُ اَخْرَجَكُمْ مِّنْۢ بُطُوْنِ اُمَّهٰتِكُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ شَیْئًا١ۙ وَّ جَعَلَ لَكُمُ السَّمْعَ وَ الْاَبْصَارَ وَ الْاَفْئِدَةَ١ۙ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُوْنَ
وَاللّٰهُ : اور اللہ اَخْرَجَكُمْ : تمہیں نکالا مِّنْ : سے بُطُوْنِ : پیٹ (جمع) اُمَّهٰتِكُمْ : تمہاری مائیں لَا تَعْلَمُوْنَ : تم نہ جانتے تھے شَيْئًا : کچھ بھی وَّجَعَلَ : اور اس نے بنایا لَكُمُ : تمہارے لیے السَّمْعَ : کان وَالْاَبْصَارَ : اور آنکھیں وَالْاَفْئِدَةَ : اور دل (جمع) لَعَلَّكُمْ : تاکہ تم تَشْكُرُوْنَ : تم شکر ادا کرو
اور اللہ نے تم کو تمہاری ماؤں کے شکم سے نکالا اور اس وقت تم کچھ بھی نہیں جانتے تھے پھر تمہارے لیے شنوائی ، بینائی اور عقل کی قوّتیں پیدا کردیں تاکہ تم شکرگزار ہو
تم اپنی ماؤں کے بطن سے کس حال میں نکلے اور اس وقت تم کیا ہو ؟ : 90۔ تم کون ہو اور کیا ہو ؟ عالم ہو ‘ مفکر ہو ‘ پروفیسر ہو ‘ حکیم ہو ‘ ڈاکٹر ہو ‘ انجینئر ہو ‘ ایم پی اے ہو ‘ ایم این اے ہو ‘ وزیر اعلی ہو ‘ وزیر اعظم ہو یا کسی ملک کے صدر ہو ؟ جو کچھ بھی تم ہو اللہ تم کو مبارک کرے ذرا غور کرو اور دیکھو جب اپنی ماں کے بطن سے باہر آئے تھے کیا تھے اور اب کیا ہو ؟ بس یہ اس علیم وقدیر کی نوازش ہے کہ اس نے تم کو انسان کی شکل میں پیدا فرمایا اور جب تم پیدا ہوئے تو تمہاری نادانی کا یہ حال تھا کہ تم اپنی ماں کو بھی نہیں پہچان سکتے تھے جس کے شکل میں پیدا فرمایا اور جب تم پیدا ہوئے تو تمہاری نادانی کا یہ حال تھا کہ تم اپنی ماں کو بھی نہیں پہچان سکتے تھے جس کے شکم میں تم ایک عرصہ گزار کر آئے تھے ، اس خالق حقیقی نے تم کو ظاہری حواس کان ‘ آنکھیں وغیرہ بھی بخشیں اور اس نے تم کو سمجھنے ‘ سوچنے کی استعداد بھی مرحمت فرمائی تاکہ تم اپنے خالق ومالک کی عنایات بےپایاں کا اعتراف کرو اور اس کا شکر ادا کرو لیکن اب تم جس عہدہ پر براجمان ہو اس پر پہنچنے کے بعد بھی جو فیصلہ اس خالق حقیقی کے متعلق کیا وہ کیا ہے ؟ کہ اس کے لئے سفارشیں تلاش کر رہے ہو ‘ آسرے ڈھونڈ رہے ہو ، اگر ایسی بات ہے تو تف ہے تم پر خواہ تم کچھ بھی ہو کہ تم نے آج تک اپنے من میں ڈوب کر یہ بھی نہ پایا کہ جس نے سب کچھ تم کو بےمانگے عطا کردیا وہ کتنا رحیم وکریم ہے اور اس سے بات کرنے کے لئے تم کو کسی واسطہ یا وسیلہ کی ضرورت ہے ، آخر اس دنیا میں کون ہے جو بن مانگے دیتا ہے ؟ تمہارے ماں باپ نے بھیتم کو جو کچھ دیا وہ تمہاری طلب پر دیا لیکن اس خالق حقیقی نے تم کو طلب بھی دی اور بےطلب کئے اور بےمانگے سب کچھ عنایت بھی کیا اب اگر تم کو طلب ہے تو اس سے مانگو وہ یقینا تم کو دے گا اور یاد رکھو کہ اگر وہ تم کو نہیں دے گا تو کوئی نہیں جو اس دنیا میں کچھ دینے والا ہو ، اگر تم نے یہ بات یاد رکھی تو تم نے اپنی زندگی کا یقینا سراغ پالیا اور تم دین و دنیا میں کامیاب وکامران ہوئے ۔
Top