Urwatul-Wusqaa - Al-Baqara : 64
ثُمَّ تَوَلَّیْتُمْ مِّنْۢ بَعْدِ ذٰلِكَ١ۚ فَلَوْ لَا فَضْلُ اللّٰهِ عَلَیْكُمْ وَ رَحْمَتُهٗ لَكُنْتُمْ مِّنَ الْخٰسِرِیْنَ
ثُمَّ تَوَلَّيْتُمْ : پھر تم پھرگئے مِنْ بَعْدِ ذٰلِکَ : اس کے بعد فَلَوْلَا : پس اگر نہ فَضْلُ اللہِ : اللہ کا فضل عَلَيْكُمْ : تم پر وَرَحْمَتُهُ : اور اس کی رحمت لَكُنْتُمْ ۔ مِنَ : تو تم تھے۔ سے الْخَاسِرِیْنَ : نقصان اٹھانے والے
لیکن تم پھرگئے اور اگر اللہ کا فضل اور اس کی رحمت تمہارا ساتھ نہ دیتی تو تم اپنی اسی گمراہی کے سبب تباہی کے حوالے ہوجاتے
کیا بنی اسرائیل نے اس عہد کو پورا کیا ؟ 137: ان کے اس عہد کا ذکر ان کی اپنی کتاب تورات میں بھی موجود ہے او اس کے پورا کرنے کی تاکید بھی چناچہ لکھا ہے کہ : ” جو کوئی اس شریعت کی سب باتوں پر قائم نہ رہے کہ ان پر عمل کرے اس پر لعنت اور سب جماعت کہے آمین۔ “ (استثنا 27 : 26) ” اگر تو کوشش کرے کہ خداوند اپنے خدا کی آواز سنے تاکہ ان سب حکموں پر جو آج کے دن میں تجھ کو فرماتا ہوں ، دھیان کر کے عمل کرے تو خداوند تیرا خدا زمین کی قوموں کی نسبت تجھے سرفراز کرے گا۔ “ (استثناء 28 : 1) ” لیکن اگر تو خداوند اپنے خدا کی آواز کا شنوا نہ ہوگا کہ اس کے سارے شرعوں اور حکموں پر جو آج کے دن میں تجھ کو بتاتا ہوں دھیان کر کے عمل نہ کرے تو ایسا ہوگا کہ ساری لعنتیں تجھ پر اتریں گی اور تجھ تک پہنچیں گی۔ “ (استثناء 28 : 15) باوجود اس قدر پکے عہد کے ان لوگوں نے نفرت کا اظہار کیا اور کہا تو یہ کہا ” سَمِعْنَا وَ عَصَیْنَا 1ۗ“ (البقرہ 2 : 93) ” ہاں ! ہم نے سن تو لیا ہے مگر ہم نے مانا نہیں۔ “ اور ایک جگہ ان کا یہ قول نقل کیا : وَ قَالُوْا قُلُوْبُنَا غُلْفٌ 1ؕ (2 : 88) ” اور کہتے ہیں کہ ہمارے قلوب محفوظ ہیں “ یعنی تیری دعوت ہم پر اثر نہیں کرسکتی۔ ہم اس نبی کی تعلیم قبول نہیں کرسکتے اس عصیان اور نفرت کا نتیجہ تو یہی تھا کہ تم کو اسی وقت فنا کیا جاتا مگر اس وقت کوئی دوسری قوم تبلیغ دعوت کا فرض ادا کرنے اور دنیا میں قیام عدل کے لئے تیار نہ تھی اس لئے ہم نے تم پر اپنا فضل کیا اور تم پر برابر انبیاء بھیجتے رہے جو تمہاری غلط کاریوں کی اصلاح کرتے اور پھر تمہیں راہ راست پر لے آتے اور انبیاء کرام کے بھیجنے کو اس آیت میں فضل و رحمت سے تعبیر کیا گیا۔ ماحصل یہ کہ انہوں نے کبھی کوئی عہد اس لئے نہیں کیا تھا کہ اس کو پورا کریں گے بلکہ ان کا خیال یہ تھا کہ ^ وہ وعدہ ہی کیا جو ایفاء ہوگیا
Top