Urwatul-Wusqaa - Ash-Shu'araa : 125
اِنِّیْ لَكُمْ رَسُوْلٌ اَمِیْنٌۙ
اِنِّىْ : بیشک میں لَكُمْ : تمہارے لیے رَسُوْلٌ : رسول اَمِيْنٌ : امانت دار
بلاشبہ میں تمہارے لیے امانت دار پیغمبر ہوں
ہود (علیہ السلام) نے فرمایا کہ اے عاد قوم میں تمہاری طرف رسول بنا کر بھیجا گیا ہوں : 125۔ ہود (علیہ السلام) نے ان سے کہا کہ اے عاد قوم ! غور کرو کہ میں بھی تم ہی میں کا ایک انسان ہوں اور تم ہی میں سے ہوں اور میری تمہاری بھائی بندی بھی ہے میں تم سے اچھی طرح واقف ہوں اور تم بھی مجھ سے اچھی طرح واقف ہو کہ میں تم میں ہی میں رہ کر جوان ہوا ہوں اور مجھے اللہ نے رسول بنا کر تمہاری طرف مبعوث کیا ہے اب اگر میری رسالت اور امانت میں تم کو کسی طرح کا کلام ہے تو اس کو واضح کرو ۔ سیدنا نوح (علیہ السلام) کی طرح انہوں نے بھی قوم کے سامنے ہر وہ بات رکھی جو آپ سے پہلے سیدنا نوح (علیہ السلام) اپنی قوم کے سامنے رکھ چکے تھے لیکن قوم نے بھی وہی کچھ کیا جو قوم نوح نے سیدنا نوح (علیہ السلام) کے ساتھ کیا تھا ۔ قرآن کریم نے بھی حرف بحرف ان دعوتوں کو ایک ہی طرح پیش کیا ہے جیسا کہ آیات کریمات سے صاف صاف معلوم ہو رہا ہے ۔
Top