Urwatul-Wusqaa - Ash-Shu'araa : 141
كَذَّبَتْ ثَمُوْدُ الْمُرْسَلِیْنَۚۖ
كَذَّبَتْ : جھٹلایا ثَمُوْدُ : ثمود الْمُرْسَلِيْنَ : رسول (جمع)
ثمود نے پیغمبروں کی تکذیب کی
ثمود قوم نے بھی ہمارے رسولوں کو جھٹلایا : 141۔ قوم عاد کے بعد قوم ثمود کی باری آگئی یہ لوگ قوم عاد ہی کا بقیہ تھے یا اس سے کوئی الگ تھلک قوم تھی ۔ مؤرخیں ومفسرین نے مختلف رائیں قائم کی ہیں بہرحال یہ بات واضح ہے کہ ثمود کا زمانہ عاد کے بعد ہے ۔ یہ بستیاں کہاں تھیں اور یہ لوگ کونسا مسکن رکھتے تھے ؟ قرآن کریم سے جو معلوم ہے وہ تو بالکل واضح ہے کہ ان کی آبادیاں حجر میں تھیں اور یہ بھی معلوم ہے کہ حجاز اور شام کے درمیان کی وادی قری تک جو میدان نظر آتا ہے یہ سب ان کا مقام سکونت ہے اور یہ علاقہ آج کل ” فج الناقہ “ کے نام سے معروف کیا گیا ہے ، قوم ثمود کے نبی ورسول صالح (علیہ السلام) تھے لیکن قوم عاد کی طرح یہ قوم بھی قوم ثمود کے نام سے زیادہ معروف ہوئی اور یہ بھی ظاہر ہے کہ عاد کی طرح ثمود بھی اس قوم کے کسی بڑے آدمی کا نام تھا اور یہ قوم اسی نام سے معروف ہوگئی ۔ اس سورت میں جتنی اقوام کا ذکر کیا گیا ہے سب کے لئے تقریبا ایک ہی جیسے الفاظ استعمال کئے گئے ہیں اور ایک ہی طرح کے حالات ان کو پیش آئے اس لئے آیات قرآنی میں بھی فقط نام بدلے گئے الفاظ تقریبا ایک ہی جیسے استعمال ہوئے ۔
Top