Urwatul-Wusqaa - Ar-Rahmaan : 22
یَخْرُجُ مِنْهُمَا اللُّؤْلُؤُ وَ الْمَرْجَانُۚ
يَخْرُجُ مِنْهُمَا : نکلتے ہیں ان دونوں سے اللُّؤْلُؤُ : موتی وَالْمَرْجَانُ : اور مونگے
دونوں دریاؤں سے موتی اور مونگے نکلتے ہیں
دونوں قسم کے دریائوں سے موتی اور مونگے نکلتے ہیں 22۔ مطلب یہ ہے کہ دونوں پانیوں کی خاصیت تو الگ الگ ہے لیکن قدرت الٰہی کی نیر نگلیاں آپ دیکھیں کہ موتی و مرجان دونوں پانیوں سے ایک جیسے حاصل ہوتے ہیں جو ایک جیسی قیمت پاتے ہیں۔ الولوا ‘ اللولو ‘ اللولو تینوں میں اعراب کا فرق ہے ‘ تینوں مفرد ہیں اور تینوں کی جمع الالی ہے یعنی بہت سے موتی۔ (المرجان) اسم جمع ہے جس کا مفرد المرجانۃ ہے اور معنی اس کے بھی موتی ہی ہیں دونوں میں فرق یہ ہے کہ (المرجان) چھوٹے موتیوں کو کہتے ہیں اور (اللولو) بڑے موتی کو۔ عین ممکن ہے کہ اس کھاری اور میٹھے پانی کا کہیں ایسا جوڑ لگتا ہو جس سے ان کی پیدائش ہوتی ہے کیونکہ قرآن کریم نے ہر ایک چیز میں جوڑا جوڑا ہونے کی تصدیق کی ہے اور جوڑا میں ایک جنس کی رو اصناف کا ملنا ضروری ہے۔ اور اسی سے پیدائش کا سلسلہ آگے چل نکتا ہے اور شاید اسی مقصد کے لیے دونوں پانیوں کا ذکر ضروری سمجھا گیا ہے کیونکہ ہر ایک چیز کی پیدائش میں بنیادی چیز کو پانی ہی سے تعبیر کیا گیا ہے۔ یہ چھوٹے اور بڑے موتی انسان کی معیشت کا کام بھی دیتے ہیں کہ ان میں سے محض بہت قیمتی سمجھے جاتے ہیں اور جن کو حاصل کرنے کے لیے لوگ بڑی بڑی رقمیں خرچ کرتے ہیں اور ان کے اوصاف واثرات بھی لوگوں میں زیر بحث آتے ہیں اور عورتیں بطور زیور بھی ان کو پہنتی ہیں اور بھی بہت سی زیباش کی چیزیں ان سے بنائی جائیں ہیں اور بہت قیمتی مالا اور ہار (Chain) بھی ان کے بنائے جاتے ہیں۔ لوگوں نے اس آیت میں اور بھی طرح طرح کی موشگافیاں کی ہیں اور بعض نے صرف کھاری پانی سے ان موتیوں اور مونگوں کے حاصل ہونے کا ذکر کیا ہے اور بعض نے میٹھے پانی کی پیدائش ان کو قرار دیا ہے لیکن ان ساری باتوں اور چیزوں کا تعلق تجربہ اور مشاہدہ سے ہے وہ ہم کو حاصل نہیں اور محض ان باتوں کا بھیڑ ہم بھڑنا نہیں جانتے اس لیے ہم نے اپنی تفہیم کے متعلق یہ سمجھا ہے کہ جب ان دونوں پانیوں کی طرف اشارہ یعنی (منھما) کی ضمیر ان دونوں قسم کے دریائوں ، سمندروں اور پانیوں ہی کی طرف ہے اس لیے عین ممکن ہے کہ ان دونوں پانیوں کے ملنے ہی سے ان کی پیدائش ہوتی ہو یا ان دونوں قسم کے پانیوں سے ان جانوروں اور کیڑوں کے جرثوموں پر کوئی اثر ظاہر ہوتا ہو جن سے وہ سیپ تشکیل پاتے ہوں۔ اس معاملہ میں کیا کیا مشاہدات ہوئے ہیں اور کیا کیا تجربے کیے گئے ہیں ہم ان سے بالکل کورے ہیں اگر ان کی تاریخ روشنی میں نہیں آئی تو یقیناً آئیگی۔
Top