Urwatul-Wusqaa - An-Naba : 11
وَّ جَعَلْنَا النَّهَارَ مَعَاشًا۪
وَّجَعَلْنَا : اور بنایا ہم نے النَّهَارَ مَعَاشًا : دن کو معاش کا وقت/ کام کا وقت
اور ہم نے دن کو (حصولِ ) معاش کے لیے بنایا
اور ہم نے دن کو حصول معاش کے لئے بنایا ۔ 11 (معاشا) اسم اور مصدر۔ زندگی یعنی وقت زندگی عیش کی حیوان یا انسان کی زندگی حیات کا لفظ عام جو اللہ تعالیٰ کی ذات قدس ، ملائکہ ، انسان اور حیوان سب کے لئے استعمال کیا جاتا ہے عیش اور معاش کا استعمال صرف حیوان اور انسان کے لئے ہوتا ہے معیشت سامان زندگی۔ جس پردہ کا ذکر گزشتہ آیت میں کیا گیا تھا رات آتی ہے تو پردہ ڈال دیتی ہے اور دن آتا ہے تو پردہ اٹھا دیتا ہے اور ہرچیز اچھی بری نظر آنے لگتی ہے اور ہر سو روشنی پھیل جاتی ہے۔ زندگی کی رکی ہوئی گاڑی پھر حرکت کرنے لگتی ہے ، بازار کھل جاتے ہیں ، منڈیوں میں چہل پہل شروع ہوجاتی ہے ، کاشتکار اپنی زمین میں ہل چلانے نکل کھڑا ہوتا ہے مختصر یہ کہ سورج طلوع ہوتے ہی یا فجر پھوٹتے ہی کسب معاش کے لئے جدوجہد اور تگ و دو شروع ہوجاتی ہے۔ ذرا غور کرو کہ یہ کس کی کرشمہ سازی ہے اور کون ہے جو رات کے بعد دن اور دن کے بعد رات کو لے آتا ہے ؟ تم سوائے اس کے کچھ جواب نہیں دے سکتے کہ وہ اللہ ہے اور اس کے سوا کوئی دوسرا نہیں ہے پھر تم بھی عجیب ہو کہ سب کچھ ماننے کے باوجود پھر انکار کرنے لگے جاتے ہو وہ انکار عملی ہو یا عقلی۔
Top