Urwatul-Wusqaa - An-Naba : 12
وَّ بَنَیْنَا فَوْقَكُمْ سَبْعًا شِدَادًاۙ
وَّبَنَيْنَا : اور بنائے ہم نے فَوْقَكُمْ : تمہارے اوپر سَبْعًا : سات شِدَادًا : مضبوط/ سخت
اور ہم نے تمہارے اوپر سات مضبوط (آسمان) بنائے
اور ہم نے تمہارے اوپر مضبوط سات آسمان بنائے ۔ 12 (سداداً ) منصوب۔ سخت ۔ زبردست اور مضبوط قدرت الٰہی کے نشانات میں سے ایک نشانی ہے کہ اس نے سات آسمان بنائے۔ تم اس آسمان دنیا پر نظر ڈالو جو نیلگوں چھت کی طرح تم کو نظر آ رہا ہے۔ لاکھوں ، کروڑوں سال گزرگئے ہیں کہ یہ سائبان تانا گیا ہے ذرا بتائو کہ شکست و ریخت کا کوئی نشان تم کو اس میں نظر آتا ہے۔ کوئی شکن ، کوئی سلوٹ ، کوئی دراڑ ، کوئی جھول ؟ اگر نہیں اور ہرگز نہیں تو کیا یہ سب کچھ خود بخود ہی بنتا چلا گیا ہے جب کہ اس کا بنانے والا کوئی نہیں ہے۔ تم مانو یا نہ مانو کوئی چیز بھی خود بخود نہیں بنتی بلکہ اس کا بنانے والا ہوتا ہے اس طرح یہ سب کچھ بھی خود بخود نہیں بن گیا بلکہ اس کا بنانے والا ہے اور وہ اللہ تعالیٰ ہے اس کے سوا کوئی دوسرا نہیں ہے۔ اس کو بار بار دیکھو اور ایک بار پھر دیکھو بڑی طاقت کی دور بین لگا کر دیکھو تم کو کہنگی اور بوسیدگی کی کوئی علامت اس میں نہیں ملے گی۔ ان کو اتنا مضبوط بنا دیا گیا ہے کہ بیشمار ستارے ، سورج ، چاند اس کے سایے کے نیچے تیرتے نظر آتے ہیں وہ اپنے اپنے محور پر گردش کناں ہیں لیکن کسی کی مجال نہیں ہے کہ وہ ایک تل بھر بھی ادھر سے ادھر جھک جائے اور سر مو اس میں کبھی فرق آئے۔ کبھی تیز گامی یاست خرامی کا مظاہرہ کرے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حکم سے اس طرح ان کو باندھ دیا ہے کہ وہ ایک لمحہ کے لئے بھی ادھر ادھر نہیں ہو سکتے اور پھر حکم کا باندھا اتنا مضبوط ہے تو عمل کے باندھنے کا کیا حال ہوگا۔ اگر تم ہدایت حاصل کرنا چاہتے ہو تو تمہارے لئے یہی ایک نشانی کفایت کرتی ہے۔
Top