Urwatul-Wusqaa - An-Naba : 8
وَّ خَلَقْنٰكُمْ اَزْوَاجًاۙ
وَّخَلَقْنٰكُمْ : اور پیدا کیا ہم نے تم کو اَزْوَاجًا : جوڑوں کی شکل میں
اور ہم نے تم کو جوڑے جوڑے پیدا کیا
اور ہم نے تم کو جوڑے جوڑے پیدا کیا ۔ 8 اگر تم ان فضائوں ، خلائوں اور افلاک میں دور دور تک نظر بصیرت سے نہیں دیکھ سکتے اور زمین کے ان پہاڑوں ، دریائوں اور میدانوں کی وسعت کو تم بذریعہ بصیرت نہیں دیکھ سکتے تو کیا تمہاری نظر اتنا کام بھی نہیں کرتی کہ تم اللہ رب ذوالجلال والا کرام کی حکمت کے جلوئوں کو اپنی ذات کے اندر دیکھ سکو کہ اس نے تم سب کو مرد ہی مرد نہیں بنا دیا اور نہ سب کو عورتیں ہی عوتریں بنا دیا ہے بلکہ تم کو مرد و زن کی صورت میں پیدا فرمایا ہے اور دونوں کی تخلیق ایک ہی جیسے قطرئہ آب سے کی ہے جو ایک ہی طرح ٹپکایا جاتا ہے اور ایک ہی برتن اور جار میں رکھ کر تمہاری پرورش شروع کرتا ہے اور جب کہ تم اس برتن اور اس جار کی حقیقت سے بھی غافل ہو اور اس کی کسی طرح کی حفاظت سے بھی بری الذمہ ہو کیونکہ اس کی حفاظت تمہارے بس کی بات ہی نہیں ہے اور تم خوراک کھاتے تو ایسی جیسی ، نشو و نما پاتے ہو تو ایک طرح سے اور جب تمہاری تخلیق کا وقت آتا ہے تو وہ اپنے خاص قانون کے مطابق کسی کو مرد بنا دیتا ہے اور کسی کو عورت پھر تم دونوں کا باپ ایک ہے ، ماں ایک ہے پھر تم میں سے جس کو باپ بنانا ہے اس کو سارے وہ آلات مہیا کردیتا ہے جو باپ ہونے کے لئے ضروری ہیں اور جس کو ماں بنانا ہے اس کو سارے وہ آلات مہیا کردیئے ہیں جو ماں ہونے کے لئے اس کے لئے ضروری ہیں اور پھر تم کو اپنے وقت پر تمہارے ماں باپ کی طرح تم کو ماں باپ بنا دیتا ہے۔ اگر وہ تم کو جوڑا جوڑا نہب ناتا تو تم ہی بتائو کہ تمہاری افزائش نسل کیسے ہوتی ؟ اگر تم کو وہ جوڑا جوڑا نہ بناتا تو دنیا کی زندگی کا یہ کٹھن سفر تم کیسے کاٹ سکتے اور اگر چار و ناچار وقت گزرتا بھی تو وہ کتنا بدمزہ اور کتنا خراب ہوتا کہ تم پرکیف و رنگ سے محروم ہوتے جس رب ذوالجلال والا کرام نے نسل انسانی کو مرد و زن میں تقسیم کر کے ان کی تمام صنفی ضروریات کا اہتمام کرنا ہے اور کرتا ہی چلا جاتا ہے اور ایک کو دوسرے پر اس طرح منطبق کرتا ہے کہ دونوں مل کر دو جان یک قالب ہوجاتے ہیں یا آپ یوں کہیں کہ وہ یک جان دو قالب نظر آتے ہیں پھر اس کے لئے آخر کیا مشکل ہے کہ وہ تم کو دوبارہ زندہ کرنا چاہے تو نہ کرسکے ؟ جب کہ اس نے دوبارہ زندگی کا اعلان بھی خود ہی کردیا ہے جو تم کو ماننا مشکل نظر آ رہا ہے۔
Top