روزمرہ کی سنتیں - رات کی سنتیں
سنّت اطفال:۔ جب شام ہوجاوے اس وقت سے بچوں کو روک لو۔ یعنی گھر سے باہر نہ نکلنے دو۔ اس لئے کہ حدیث شریف میں ہے کہ رات کے وقت شیطان کا لشکر پھیلتا ہے۔ سنت مکان:۔ جب رات کو عشاء کے بعد گھر میں آؤ تو گھر کا دروازہ زنجیر یا ٹٹی سے بند کرلو۔ سنت گفتگو:۔ عشاء کے بعد طرح طرح کے قصّے کہانی مت کہو۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ صبح کی نماز قضا ہوجائے۔ بلکہ سو جانا چاہئے۔ البتہ اگر کوئی شخص بعد عشاء نصیحت کی باتیں سنائے یا نیک لوگوں یعنی انبیاء ،اولیاء کا ذکر سنائے یا کوئی پیشہ والا شخص اپنا کام کرے تو کوئی حرج نہیں۔ سنتِ چراغ:۔ جب رات کو سونے لگو تو چراغ ، لالٹین یا بجلی بند کردو۔ کیونکہ اس میں بڑا اندیشہ ہے۔ دیکھو اس طرح سنت کا ثواب بھی ہوگا اور حفاظت بھی رہے گی۔ اسی طرح چولہے میں جو آگ ہو اس کو یاتو بجھا دو یا راکھ وغیرہ سے دبا دو، کھلی نہ چھوڑو۔ فائدہ:۔ حقہ پینا تمام علماء کے نزدیک مکروہ ہے کیونکہ منہ میں بدبو پیدا کرتا ہے۔ اس لئے بہتر ہے کہ اس کا پینا چھوڑ دیا جائے اور اگر کسی مجبوری کی وجہ سے چھوڑ نہیں سکتے تو چاہئے کہ حقہ کو تازہ کرتے رہیں اور پانی تبدیل کرکے دھوتے رہیں کئی بار، تاکہ پانی نجس نہ ہو۔ نجس اور گندے حقے کا پینا حرام ہے۔ دوسری بات یہ ضروری ہے کہ سونے کے وقت حقہ اپنے سے دور رکھیں اور مسواک کریں اور منہ دھو کر سوئیں۔ حقہ پیتے ہوئے نہ سوئیں کیونکہ اس میں جان کا بھی نقصان ہے اور دین کا بھی۔ کیا تم نے ان لوگوں کا حال نہیں سنا جو جل گئے اسی حقہ کے شوق میں۔ اور یاد رکھو کہ یہ بات بہت کام کی ہے اور غفلت کو چھوڑ دو۔ سنتِ برتن:۔ سونے سے پہلے تمام برتنوں کو ڈھانپ دو اور کوئی برتن کھلا نہ رہنے دو۔ کیونکہ اس سے وبا کا اثر ہوتا اور شیطان راہ پاتا ہے۔ اور یاد رکھو کہ اگر چھپانے اور ڈھانپنے کے لئے کچھ بھی نہ ملے تو کوئی لکڑی ہی لے لو اور بسم اللہ کہہ کر برتن پر رکھ دو کیونکہ فرمان واجب اطاعت رسول اللہ ﷺ کے یہی کافی ہے۔ سنتِ بستر:۔ اگر سونے سے پہلے بستر کو کپڑے اور تہہ بند کے کنارے سے جھاڑو تو بہت ثواب پاؤ۔ کیونکہ یہ حدیث کا مضمون اور سنت کا طریقہ ہے۔ (فدا ہو ہمارا جان اور مال سنت کے طریقہ پر)اے اللہ ! ہمیں سنت کے طریقہ پر زندہ رکھ اور سنت کے طریقہ پر موت دے اور ہم کو نیک کاموں کے ساتھ اُٹھا۔ سنتِ خواب:۔ اور جب تم سونے کا ارادہ کرو تو کچھ قرآن پاک کی سورتیں پڑھو۔ مثلاً آیۃ الکرسی اور چاروں قُل اور الحمد شریف اور درود شریف۔ اور تم سے زیادہ نہ ہوسکے تو ایک دو سورت ضرور پڑھو کہ یہ دنیا و آخرت کی نیک بختی کا سبب ہے۔ اور اگر خواب میں کوئی بات نظر آوے تو اَعُوْذُ بِاللّٰهِ پڑھو اور کروٹ بدلو اور اگر کسی کو خواب میں ڈر جانے کا مفصل حال دیکھنا ہو تو ہمارا رسالہ تعبیر صادق یعنی خواب نامہ حدیث شریف ملاحظہ کرے کہ اس میں بہت سے فوائد حاصل ہوں گے۔ اور بہتر ہے کہ پہلے آمَنْتُ بِاللّٰہِ اور کلمہ شریف پڑھے اور باوضو ہو کر سووے۔
Top