مشکوٰۃ المصابیح - آداب کا بیان - حدیث نمبر 4766
وعن أنس عن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال يا أبا ذر ألا أدلك على خصلتين هما أخف على الظهر وأثقل في الميزان ؟ قال قلت بلى . قال طول الصمت وحسن الخلق والذي نفسي بيده ما عمل الخلائق بمثلهما
خاموش اور خوش خلقی کی فضیلت
اور حضرت انس ؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ابوذر ؓ کیا میں تمہیں وہ دو خصلتیں نہ بتادوں جو مکلف انسان کی پشت پر یعنی اس کی زبان کے اوپر بہت ہلکی ہیں اعمال کے ترازو میں بہت بھاری ہیں، حضرت ابوذر ؓ نے بیان کیا کہ میں نے سن کر عرض کیا یا رسول اللہ ضرور بتائیے آپ نے فرمایا معرفت الہیہ اور نظام قدرت میں غور و فکر کے لئے طویل خاموشی اور خوش خلقی، قسم ہے اس ذات پاک کی جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے، مخلوق کے لئے ان دونوں خصلتوں سے بہتر کوئی کام نہیں ہے۔

تشریح
چپ رہنا اور خوش خلقی اختیار کرنا یہ دونوں خصلتیں اس اعتبار سے بہت آسان اور ہلکی ہیں کہ خاموش رہنے میں کوئی محنت و مشقت برداشت نہیں کرنا پڑتی اسی پر خوش خلقی کو بھی قیاس کیا جاسکتا ہے کہ نرم خوئی اور خوش مزاجی اور خندہ روئی میں راحت و سکون اور آسانی و نرمی حاصل ہوتی ہے بخلاف سخت خوئی، تند مزاجی اور جدال و نزع کے کہ ان میں سراسر محنت و مشقت ہے۔
Top