مشکوٰۃ المصابیح - ایمان کا بیان - حدیث نمبر 113
وَعَنْ عَلِیِّ قَالَ سَأَلَتْ خَدِیْجَۃُ النَّبِیَّ صلی اللہ علیہ وسلم عَنْ وَلَدَیْنِ مَا تَا لَھَا فِی الْجَاھِلِیَّۃِ فَقَالَ رَسُوْلُ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم ھُمَا فِی النَّارِ قَالَ فَلَمَّا رَأَی لْکَرَاھَۃَ فِیْ وَجْھِھَا قَالَ لَوْرَاَیْتِ مَکَانَھُمَا لَاَ بْغَضْتِھِمَا قَالَتْ یَا رَسُوْلَ اﷲِ فَوَلَدِیْ مِنْکَ قَالَ فِی الْجَنَّۃِ ثُمَّ قَالَ رَسُوْلُ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم اِنَّ الْمُؤْمِنِیْنَ وَاَوْ لَا دَھُمْ فِی الْجَنَّۃِ وَاِنَّ الْمُشْرِکِیْنَ وَاَوْلَادَھُمْ فِی النَّارِ ثُمَّ قَرَأَرَسُوْلُ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم وَالَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَاتَّبَعَتْھُمْ ذُرِّیَّتَھُمْ۔(رواہ مسند احمد بن حنبل)
تقدیر پر ایمان لانے کا بیان
اور حضرت علی کرم اللہ وجہہ راوی ہیں کہ حضرت خدیجہ ( ام المومنین حضرت خدیجہ الکبری خدیجہ بنت خویلد قریشیہ اور اسدیہ سرکار دو عالم ﷺ کی سب سے پہلی زوجہ مطہرہ ہیں حضرت خدیجہ کا سب سے بڑا امتیازی شرف یہ ہے کہ آپ تمام مردوں اور عورتوں میں سب سے پہلے اسلام لائیں ہیں۔ آپ کا انتقال ہجرت سے تین سال پہلے مکہ مکرمہ رمضان کے مہینہ میں ٦٥ سال کی عمر میں ہوا)۔ آپ نے سرکار دو عالم ﷺ سے اپنے دونوں بچوں کے بارے میں پوچھا جو زمانہ جاہلیت میں (اسلام سے پہلے) فوت ہو گے تھے (کہ وہ جنتی ہیں یا دوزخی) سرکار دو عالم ﷺ نے فرمایا کہ وہ دونوں (بچے) دوزخ میں ہیں، حضرت علی ؓ فرماتے ہیں کہ جب رسول اللہ ﷺ نے حضرت خدیجہ کے چہرہ کا رنگ (اپنے بچوں کے بارے میں سن کر) بد لا ہوا (یعنی ان کو رنجیدہ) دیکھا تو فرمایا اگر تم ان (بچوں) کے ٹھکانے اور ان کا حال دیکھو کہ وہ کس طرح اللہ کی رحمت سے دور ہیں تو تم کو ان (بچوں) سے نفرت ہوجائے، پھر حضرت خدیجہ نے عرض کیا، یا رسول اللہ! اچھا میری وہ اولاد جو آپ ﷺ سے پیدا ہوئی ہے (قاسم اور عبدا اللہ) آپ نے فرمایا وہ جنت میں ہیں، اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے یہ فرمایا کہ مومنین اور ان کی اولاد جنت میں ہیں اور مشرکین کی اولاد دوزخ میں ہیں، اس کے بعد آپ نے یہ آیت تلاوت فرمائی (وَالَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَاتَّبَعَتْهُمْ ذُرِّيَّ تُهُمْ بِاِيْمَانٍ اَلْحَ قْنَا بِهِمْ ذُرِّيَّتَهُمْ ) (52۔ الطور 21) ترجمہ جو لوگ ایمان لائے اور ان کی اولاد نے ان کی اطاعت کی (تو) ہم ان کی اولاد کو (جنت میں) انہیں کے ساتھ رکھیں گے۔ (مسند احمد بن حنبل)
Top