مشکوٰۃ المصابیح - حدود کا بیان - حدیث نمبر 3535
وعن عائشة أن النبي صلى الله عليه و سلم قال : أقيلوا ذوي الهيآت عثراتهم إلا الحدود . رواه أبو داود
عزت داروں کی لغزشوں سے در گذر کرنا چاہئے
اور حضرت عائشہ راوی ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا عزت داروں کی خطائیں معاف کرو علاوہ حدوں کے کہ ان کی معافی جائز نہیں ہے (ابو داؤد)

تشریح
مطلب یہ ہے کہ اگر ان سے بھول چوک میں کوئی گناہ سر زد ہوجائے اور ناگہانی طور پر کسی لغزش میں مبتلا ہوجائیں تو ان کو معاف کردیا جائے، سزا و عقوبت میں مبتلا کر کے ظاہری طور پر ان کو ذلیل ورسوا مت کرو خواہ ان کی لغزش و گناہ کا تعلق حقوق اللہ سے ہو یا حقوق العباد سے ہاں اگر ان سے کوئی ایسا جرم صادر ہو جس کی وجہ سے ان پر حد جاری کرنا واجب ہوتا ہو تو اس جرم کو معاف کرنے کی اجازت نہیں ہے خواہ اس جرم کا تعلق حقوق اللہ سے ہو یا حقوق العباد سے۔ گویا اس حکم کے مخاطب دوسرے لوگ بھی ہیں نیز یہ حکم بھی استحباب کے طور پر ہے۔
Top