مشکوٰۃ المصابیح - فضائل قرآن کا بیان - حدیث نمبر 2211
وعن ابن عمر قال : نهى رسول الله صلى الله عليه و سلم أن يسافر بالقرآن إلى أرض العدو . متفق عليه . وفي رواية لمسلم : لا تسافروا بالقرآن فإني لا آمن أن يناله العدو
دارالحرب میں قرآن لے جانے کی ممانعت
حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے دشمن ملک یعنی دارالحرب کی طرف قرآن لے کر سفر کرنے سے منع فرمایا ہے (بخاری ومسلم) اور مسلم کی ایک روایت میں یوں ہے کہ فرمایا قرآن لے کر سفر نہ کرو اس لئے کہ مجھے یہ اطمینان نہیں ہے کہ دشمن اسے چھین لے اور پھر وہ اس کی بےحرمتی کرے۔

تشریح
یہاں ایک بڑا لطیف اشکال پیدا ہوتا ہے اور وہ یہ کہ آنحضرت ﷺ کے زمانہ میں قرآن کریم مصحف میں تو لکھا ہوا تھا نہیں پھر آپ ﷺ نے یہ کیسے فرمایا کہ قرآن لے کر سفر نہ کیا جائے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ آپ ﷺ کے زمانہ میں اگرچہ پورا قرآن مصحف میں لکھا ہوا نہیں تھا مگر پھر بھی جو کچھ نازل ہوتا تھا اسے لوگ اپنے اپنے صحیفوں میں لکھ لیتے تھے اور ظاہر ہے کہ وہ قرآن ہی کے حکم میں تھا۔ یا یہ کہ آپ ﷺ نے یہ بات بطور پیش گوئی فرمائی کہ میرے بعد جب قرآن کریم کو مکمل طور پر یک جا جمع کر کے مصحف کی شکل دے دی جائے تو اسے لوگ لے کر کفار کے ملک میں نہ جائیں کہ مبادا وہ کفار کے ہاتھ لگ جائے اور وہ اس کی بےحرمتی کریں۔ بعض علماء فرماتے ہیں کہ دارالکفر میں اپنے ساتھ قرآن لے جانا مکروہ ہے نیز مسئلہ یہ ہے کہ اگر کوئی شخص کسی کافر کو کوئی خط وغیرہ لکھے تو اس میں آیت لکھنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے کیونکہ آنحضرت ﷺ نے ہرقل کو جو مکتوب بھیجا تھا اس میں یہ آیت ( تَعَالَوْا اِلٰى كَلِمَةٍ سَوَا ءٍ بَيْنَنَا وَبَيْنَكُمْ اَلَّا نَعْبُدَ اِلَّا اللّٰهَ وَلَا نُشْرِكَ بِه شَيْ ً ا وَّلَا يَتَّخِذَ بَعْضُنَا بَعْضًا اَرْبَابًا مِّنْ دُوْنِ اللّٰهِ فَاِنْ تَوَلَّوْا فَقُوْلُوا اشْهَدُوْا بِاَنَّا مُسْلِمُوْنَ ) 3۔ آل عمران 64) لکھی تھی۔
Top