مشکوٰۃ المصابیح - لباس کا بیان - حدیث نمبر 4341
وعن عائشة قالت إذا فرقت لرسول الله صلى الله عليه وسلم رأسه صدعت فرقه عن يافوخه وأرسلت ناصيته بين عينيه . رواه أبو داود .
آنحضرت ﷺ کی مانگ کا ذکر
اور حضرت عائشہ ؓ کہتی ہیں کہ میں جب رسول کریم ﷺ کے سر مبارک کے بالوں میں مانگ نکالتی تو تالو پر سے بالوں کے دو حصے کر کے مانگ چیرتی اور آپ ﷺ کی پیشانی کے بل دونوں آنکھوں کے درمیان چھوڑتی۔ (ابوداؤد)

تشریح
یافوخ سر کے درمیانی حصے کو کہتے ہیں جہاں تالو ہوتا ہے، یہ دماغ کے عین اوپر کی سطح ہوتی ہے اور بچپن میں اس جگہ پھڑکن رہتی ہے، حضرت عائشہ ؓ نے گویا آنحضرت ﷺ کی مانگ کی صورت بیان کی ہے کہ اس کا ایک سرا تو تالو کے نزدیک ہوتا ہے اور دوسرا سرا دونوں آنکھوں کے درمیان کی جگہ کے بالمقابل پیشانی کے نزدیک ہوتا تھا۔ روایت کے آخری جملہ کا مطلب یہ ہے کہ میں مانگ کا رخ پیشانی کے اس کنارے پر رکھتی جو دونوں آنکھوں کی عین درمیانی سمت میں ہے اس طرح کی پیشانی کے آدھے بال مانگ کی دائیں طرف ہوتے اور آدھے بال مانگ کی بائیں طرف۔ طیبی نے حدیث کے یہی معنی بیان کئے ہیں۔
Top