مشکوٰۃ المصابیح - نماز استسقاء کا بیان - حدیث نمبر 1478
وَعَنْہُ اَنَّہُ قَالَ اسْتَسْقٰی رَسُوْلُ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم خَمِیْصَۃُ لَّہ، سَوْدَآءُ فَاَرَا دَ اَنْ یَّاْخُذَاَسْفَلَھَا فَیَجْعَلَہ، اَعْلَا ھَا فَلَمَّا ثَقَلَتْ قَلَّبَھَا عَلَی عَا تِقَیْہِ۔ (رواہ احمد بن حنبل و ابوداؤد)
استسقاء میں چادر پھیرنے کا بیان
اور حضرت عبداللہ ؓ فرماتے ہیں کہ (ایک مرتبہ) رسول کریم ﷺ نے بارش طلب (کرنے کے لئے دعا) کی تو اس وقت آپ ﷺ کے جسم مبارک پر سیاہ رنگ کی چادر تھی، آپ ﷺ نے یہ ارادہ کیا کہ چادر کے نیچے کا کونا پلٹ کر اسے اوپر کی جانب لائیں (جیسا کہ چادر پھیرنے کا طریقہ ہے) مگر اس میں جب آپ ﷺ کو دقت پیش آئی تو آپ ﷺ نے اپنے ہی مونڈھے پر چادر پلٹ لی۔

تشریح
مطلب یہ ہے کہ مذکورہ بالا طریقہ کے مطابق جب چادر پھیرنے میں دقت محسوس ہوئی تو آپ ﷺ نے صرف یہ کیا کہ چادر کا دایاں کونا بائیں مونڈھے پر کرلیا اور بایاں کونا دائیں مونڈھے پر۔ آپ ﷺ نے چادر مبارک دوسرے خطبہ میں پھیری تھی کیونکہ چادر پھیرنے کا وقت اور موقع وہی ہے۔
Top