مشکوٰۃ المصابیح - کھانوں کے ابواب - حدیث نمبر 4155
وعن جعفر بن محمد عن أبيه قال : كان رسول الله صلى الله عليه وسلم إذا أكل مع قوم كان آخرهم أكلا . رواه البيهقي في شعب الإيمان مرسلا
اجتماعی طور پر کھانا کھانے کی صورت میں سب کے ساتھ ہی کھانے سے ہاتھ کھینچو
اور حضرت امام جعفر صادق، ابن محمد اپنے والد یعنی امام محمد باقر سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے کہا رسول کریم ﷺ لوگوں کے ساتھ کھانا کھاتے تو آپ ﷺ سب سے آخر تک کھانے والے شخص ہوتے تھے۔ اس روایت کو بیہقی نے شعب الایمان میں بطریق ارسال نقل کیا ہے۔

تشریح
حضرت امام محمد باقر اصل میں تابعی ہیں اور ان کو اپنے والد بزرگوار حضرت امام زین العابدین اور حضرت جابر بن عبداللہ ؓ سے سماعت حدیث کا شرف حاصل ہے اس اعتبار سے یہ حدیث مرسل ہے! حدیث کا مطلب یہ ہے کہ آنحضرت ﷺ دسترخوان پر موجود دوسرے لوگوں سے پہلے اپنا ہاتھ کھانے سے نہیں کھینچتے تھے آخر تک کھاتے رہتے تھے اور یا تو یہ کہ آپ ﷺ ابتداء میں نہیں کھاتے تھے یا بہت آہستہ آہستہ اور کم کم کھاتے تھے اور اس طرح کھانے کے آخر تک سب کا ساتھ دیتے تھے تاکہ دوسرے لوگ بھی شرم ولحاظ میں کھانا نہ چھوڑ دیں۔
Top