مشکوٰۃ المصابیح - فقراء کی فضیلت اور نبی ﷺ کی معاشی زندگی - حدیث نمبر 5002
وعن عطية بن عروة السعدي قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم إن الغضب من الشيطان وإن الشيطان خلق من النار وإنما يطفأ النار بالماء فإذا غضب أحدكم فليتوضأ . رواه أبو داود
ناحق غصہ شیطانی اثر ہے۔
اور حضرت عطیہ بن عروہ سعدی ؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا (ناحق) غصہ شیطانی اثر ہے (یعنی ناحق غصہ کرنا شیاطین کے مشتعل کرنے اور اس کے فریب میں آجانے کا نتیجہ ہوتا ہے) اور شیطان آگ سے پیدا کیا گیا ہے اور آگ کو پانی سے بجھایا جاتا ہے اس لئے جب تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو اس کو چاہیے کہ وضو کرلے۔ (ابوداؤد)

تشریح
ٹھنڈا پانی استعمال کرنے کی خاصیت یہ ہے کہ وہ غصہ کو ٹھنڈا کرتا ہے جیسا کہ عام تجربہ سے ثابت ہے اور ٹھنڈے پانی کے استعمال کی بہترین صورت تو وضو کرلینا ہے لیکن ٹھنڈا پانی پینے کی یہ بھی خاصیت ہے اس حدیث میں تو صرف وضو کرنے کا ذکر ہے لیکن چاہیے کہ یہ جب غصہ آئے تو پہلے اعوذ باللہ پڑھے پھر جب دیکھے کہ غصہ ختم نہیں ہوا ہے تو اٹھ کر وضو کرے اور اللہ کے لئے دو رکعت نماز پڑھے۔
Top