مشکوٰۃ المصابیح - خدا کی اطاعت و عبادت کے لئے مال اور عمر سے محبت رکھنے کا بیان - حدیث نمبر 5166
وعن ابن عباس أن رسول الله صلى الله عليه وسلم كان يهريق الماء فيتيمم بالتراب فأقول يا رسول الله إن الماء منك قريب يقول ما يدريني لعلي لا أبلغه . رواه في شرح السنة وابن الجوزي في كتاب الوفاء
موت سے کسی لمحہ غافل نہ ہونا چاہئے
حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ کبھی ایسا ہوتا کہ رسول کریم ﷺ پیشاب کرنے کے بعد اور وضو کرنے سے پہلے مٹی سے تیمم کرلیتے، میں (یعنی ابن عباس رضی الہ عنہ یہ دیکھ کر) عرض کرتا کہ یا رسول اللہ ﷺ پانی تو آپ ﷺ کے بہت قریب ہے (یعنی جب پانی آپ کی دسترس سے اتنا دور نہیں ہے کہ وضو کرسکتے ہیں تو پھر تیمم کیوں کرتے ہیں؟ حضور ﷺ میری اس بات کے جواب میں فرماتے۔ مجھے کیا معلوم کہ میں اس پانی تک پہنچ بھی سکوں گا یا نہیں؟ اس روایت کو بغوی نے شرح السنہ میں اور ابن جوزی نے کتاب الوفاء میں نقل کیا ہے۔

تشریح
یعنی مجھے یہ تو معلوم نہیں کہ میری عمر کتنی ہے اور ہر لمحہ موت متوقع ہے اس لئے میں ڈرتا ہوں کہ پیشاب کرنے کے بعد مجھے اتنی مہلت بھی نہ ملے کہ پانی تک پہنچ کر وضو کرسکوں۔ لہٰذا فوری طور پر تیمم کرلیتا ہوں تاکہ ایک طرح کی طہارت تو حاصل رہے۔
Top