حوض کوثر پر آنے والے لوگوں کا کوئی شمار نہیں ہوگا
اور حضرت سمرہ ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا ( آخرت میں) ہر نبی کو حوض عطا ہوگا ( اور ہر امت اپنے اپنے نبی ﷺ کے حوض پر آکر پانی پئیں گے، پس تمام انبیاء کرام آپس میں اس پر فخر کریں گے کہ کس کے حوض پر زیادہ آدمی آتے ہیں اور مجھے امید ہے کہ سب سے زیادہ آدمی میرے حوض پر آئیں گے۔ ( ترمذی)
تشریح
مطلب یہ کہ آنحضرت ﷺ کی امت کے لوگوں کی تعداد چونکہ دوسری تمام امتوں کے مقابلہ میں زیادہ ہوگی۔ اس لئے آپ ﷺ کے حوض پر پانی پینے کے لئے آنے والوں کی تعداد بھی زیادہ ہوگی! اور یہ بات بالکل یقینی ہے جس میں کسی شک وشبہ کی گنجائش نہیں، پس آپ کا یہ کہنا کہ مجھے امید ہے اور جس سے شک وتردد کا مفہوم ظاہر ہوتا ہے) محض تواضح و انکساری کی بنا پر ہے۔