دوبارہ زندہ کرنے کا ذکر
اور حضرت ابورزین عقیلی کہتے ہیں کہ میں نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ ﷺ خداوند تعالیٰ مخلوقات کو دوبارہ کس طرح زندہ کرکے اٹھائے گا ( جب کہ ان کے جسم وبدن گل سڑ کر خاک ہوچکے ہوں گے؟ ) آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ تم کبھی قحط اور خشک سالی کے زمانہ میں اپنی قوم کے جنگل اور کھیتوں کے درمیان سے گزرے ہو، وہاں سبزہ کا نام ونشان تک نظر نہیں آیا ہوگا ( بلکہ ساری زمین بالکل بنجر اور خشک نظر آئی ہوگی) پھر جب تم ( بارش کے بعد وہاں سے گزرے ہوگے تو تمہیں ( پورے علاقہ میں) لہلہاتا ہوا سبزہ نظر آیا ہوگا میں نے عرض کیا کہ ہاں ایسا ہوتا ہے آپ ﷺ نے فرمایا پس مخلوقات میں قدرت الہٰی کی یہی نشانی ہے اور اللہ تعالیٰ مردوں کو اس طرح زندہ کرے گا ان دونوں روایتوں کو زرین نے نقل کیا ہے۔