مشکوٰۃ المصابیح - نماز کا بیان - حدیث نمبر 569
عَنْ اَنَسٍ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وسلم مَنْ نَسِیَ صَلٰوۃً اَوْنَامَ عَنْھَا فَکَفَّارَتُھَا اَنْ ےُّصَلِّےَھَا اِذَا ذَکَرَھَا وَفِیْ رِوَاےًۃٍ لَّا کَفَّارَۃَ لَھَا اِلَّا ذَالِکَ۔(صحیح البخاری و صحیح مسلم)
جلدی نماز پڑھنے کا بیان
اور حضرت انس ؓ راوی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو آدمی نماز پڑھنی بھول جائے یا نماز کے وقت (غافل ہو کر) سو جائے (اور وہ نماز رہ جائے) تو اس کا بدل یہی ہے کہ جس وقت یاد آئے پڑھ لے اور ایک روایت کے الفاظ یہ ہیں کہ اس نماز کے پڑھ لینے کے سوا اس کا اور کوئی بدل نہیں ہے۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)

تشریح
اگر کوئی آدمی نماز پڑھنی بھول جائے یا نماز کے وقت ایسا غافل ہو کر سو جائے کہ نماز کا وقت نکل جائے اور نماز نہ پڑھ سکے تو اس کا کفارہ صرف یہی ہے کہ اسے جب بھی یاد آجائے یا جب بھی سو کر اٹھے نماز قضاء پڑھ لے۔ یہ نہیں کہ جس طرح بغیر عذر کے رمضان کے روزے چھوڑنے کا کفارہ صدقہ وغیرہ ہوتا ہے نماز کے ترک کرنے پر بھی کفارہ کے طور پر کئی پڑھنی پڑیں گی یا صدقہ وغیرہ دینا ہوگا۔ ابن ملک (رح) فرماتے ہیں کہ۔ اس حدیث سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ جو نماز پڑھنے سے رہ گئی ہو وہ جب بھی یاد آئے اس کے پڑھنے میں تاخیر وغیرہ کرنی چاہئے۔
Top