Kashf-ur-Rahman - An-Nahl : 89
وَ یَوْمَ نَبْعَثُ فِیْ كُلِّ اُمَّةٍ شَهِیْدًا عَلَیْهِمْ مِّنْ اَنْفُسِهِمْ وَجِئْنَا بِكَ شَهِیْدًا عَلٰى هٰۤؤُلَآءِ١ؕ وَ نَزَّلْنَا عَلَیْكَ الْكِتٰبَ تِبْیَانًا لِّكُلِّ شَیْءٍ وَّ هُدًى وَّ رَحْمَةً وَّ بُشْرٰى لِلْمُسْلِمِیْنَ۠   ۧ
وَيَوْمَ : اور جس دن نَبْعَثُ : ہم اٹھائیں گے فِيْ : میں كُلِّ اُمَّةٍ : ہر امت شَهِيْدًا : ایک گواہ عَلَيْهِمْ : ان پر مِّنْ اَنْفُسِهِمْ : ان ہی میں سے وَجِئْنَا : اور ہم لائیں گے بِكَ : آپ کو شَهِيْدًا : گواہ عَلٰي هٰٓؤُلَآءِ : ان سب پر وَنَزَّلْنَا : اور ہم نے نازل کی عَلَيْكَ : آپ پر الْكِتٰبَ : الکتاب (قرآن) تِبْيَانًا : (مفصل) بیان لِّكُلِّ شَيْءٍ : ہر شے کا وَّهُدًى : اور ہدایت وَّرَحْمَةً : اور رحمت وَّبُشْرٰى : اور خوشخبری لِلْمُسْلِمِيْنَ : مسلمانوں کے لیے
اور وہ دن قابل ذک رہے جس دن ہم ہر امت سے ایک گواہ اس کے خلاف گواہی دینے کو اٹھا کھڑا کریں گے جو انہی میں سے ہوگا اور ان لوگوں یعنی آپکی امت کے کافروں کے مقابلے میں آپ کو گواہ بنا کر لائیں گے اور اے پیغمبر ہم نے آپ پر یہ کتاب نازل کی ہے جو ہر چیز کو بیان کرنیوالی ہے اور مسلمانوں کے لئے یہ کتاب بڑی ہدایت رحمت اور خوش خبری سنانے والی ہے
89 ۔ اور وہ دن قابل ذکر ہے جس دن ہم ہر امت میں سے اس کے خلاف گواہی دینے والا اٹھا کھڑا کریں گے انہی میں سے اور اے پیغمبر ان لوگوں کے مقابلے میں آپ ﷺ کو گواہ لائیں گے۔ اور اے پیغمبر ہم نے یہ کتاب آپ پر نازل کی ہے جو دین کی ہر بات بیان کرنیالی ہے اور مسلمانوں کے لئے خاص طور پر بڑی ہدایت اور بڑی رحمت اور بشارت و خوشخبری سنانے والی ہے۔ یعنی قیامت کے دن کا یہ واقعہ قابل ذکر اور قابل خوف ہے جس دن ہر ایک امت میں سے ایک کے پیغمبر گواہی دینے کے لئے بلائے جائیں گے پھر وہ امت کی نا فرمانیوں کے حالات بیان کریں گے اور چونکہ اے پیغمبر آپ بھی صاحب امت رسول ہیں اس لئے آپ بھی اپنی امت پر گواہ بنا کر لائے جائیں گے اور آپکی امت نے آپ کی دعوت پر جو سلوک آپ کے ساتھ کیا ہے وہ آپ بھی بیان کریں گے اور چونکہ آپ کی رسالت ثابت ہے اس لئے اس کی مزید توثیق فرماتے ہوئے نزول کتاب اور قرآن کریم کے اتارنے کا ذکر فرمایا قرآن کریم کو بتیان فرمایا جو ہر دین کی بات کو واضح کرتا ہے اس کا ہدایت و رحمت اور بشارت دہندہ ہونا ظاہر ہی ہے۔ رہی مسلمانوں کی خصوصیت تو جو اس کو مانتا ہے اور کلام الٰہی تسلیم کرتا ہے اسی کو ہدایت و رحمت اور بشارت سے بہر ہ اور حصہ ملتا ہے یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپ ﷺ تمام انبیاء کی توثیق و تصدیق کریں اور انکے لئے شہادت دیں۔
Top