Tafseer-e-Madani - Al-Muminoon : 89
سَیَقُوْلُوْنَ لِلّٰهِ١ؕ قُلْ فَاَنّٰى تُسْحَرُوْنَ
سَيَقُوْلُوْنَ : جلد (ضرور) وہ کہیں گے لِلّٰهِ : اللہ کے لیے قُلْ : فرما دیں فَاَنّٰى : پھر کہاں سے تُسْحَرُوْنَ : تم جادو میں پھنس گئے ہو
تو اس کے جواب میں بھی یہ لوگ ضرور یہی کہیں گے کہ یہ سب کچھ اللہ ہی کی شان ہے کہو ظالمو ! پھر کہاں سے تم پر جادو کیا جاتا ہے2
106 ہر چیز کی باگ ڈور اللہ تعالیٰ ہی کے ہاتھ میں ہے ۔ سبحانہ وتعالیٰ : سو ارشاد فرمایا گیا کہ ان سے پوچھو کہ کون ہے وہ جس کے ہاتھ میں باگ ڈور ہے ہر چیز کی ؟ جو سب کو پناہ دیتا ہے مگر اس کے مقابلے میں کوئی کسی کو پناہ نہیں دے سکتا۔ سو بتاؤ اگر تم جانتے ہو۔ { ملکوت } سے یہاں پر مراد زمام اقتدار و اختیار ہے۔ سو جب تم لوگ اس حقیقت کو بھی مانتے اور تسلیم کرتے ہو کہ ہر چیز کی باگ ڈور اللہ ہی کے ہاتھ میں ہے اور اسی کی شان ہے کہ وہ ہر کسی کو پناہ دیتا ہے اور اس کے مقابلے میں کوئی کسی کو پناہ نہیں دے سکتا تو پھر تم پر کہاں جادو کیا جاتا ہے جو ان کھلے دلائل، واضح براھین اور خود تمہارے اپنے ایسے اعترافات کے باوجودتم لوگ شرک کی دلدل میں طرح طرح سے پھنستے ہو ؟ ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو تمہاری عقلیں کہاں کھو گئیں اور تمہاری مت کیسے مار دی گئی جو تم ان بنیادی اور ٹھوس حقائق کو جاننے اور ماننے کے باوجود شرک کا ارتکاب کرتے ہو اور بےحقیقت اور بےجان چیزوں کو اس قادر مطلق کا شریک ٹھہراتے ہو ؟ اور تم لوگوں نے کس طرح اور کس بنیاد پر اپنی یہ مشرکانہ میتھالوجی تیار کرلی جو عقل و نقل کے تقاضوں کے یکسر خلاف اور ان کے معارض ہے ؟ ۔ اللہ فکر و نظر کے ہر انحراف سے ہمیشہ محفوظ اور ہمارے پناہ میں رکھے ۔ آمین ثم آمین۔
Top