Tafseer-e-Madani - Al-Maaida : 16
یَّهْدِیْ بِهِ اللّٰهُ مَنِ اتَّبَعَ رِضْوَانَهٗ سُبُلَ السَّلٰمِ وَ یُخْرِجُهُمْ مِّنَ الظُّلُمٰتِ اِلَى النُّوْرِ بِاِذْنِهٖ وَ یَهْدِیْهِمْ اِلٰى صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ
يَّهْدِيْ : ہدایت دیتا ہے بِهِ : اس سے اللّٰهُ : اللہ مَنِ اتَّبَعَ : جو تابع ہوا رِضْوَانَهٗ : اس کی رضا سُبُلَ : راہیں السَّلٰمِ : سلامتی وَيُخْرِجُهُمْ : اور وہ انہیں نکالتا ہے مِّنَ : سے الظُّلُمٰتِ : اندھیرے اِلَى النُّوْرِ : نور کی طرف بِاِذْنِهٖ : اپنے حکم سے وَيَهْدِيْهِمْ : اور انہیں ہدایت دیتا ہے اِلٰي : طرف صِرَاطٍ : راستہ مُّسْتَقِيْمٍ : سیدھا
جس کے ذریعے اللہ سلامتی کی راہیں بتلاتا ہے ہر اس شخص کو جو پیروی کرتا ہو، اس کی رضا (خوشنودی کی باتوں) کی، اور ایسوں کو وہ نکال باہر لاتا ہے، اندھیروں سے روشنی کی طرف، اپنے اذن (و حکم) سے، اور وہ ان کی راہنمائی فرماتا ہے سیدھی راہ کی طرف،
50 صدق نیت کی عظمت شان : سو اس ارشاد سے واضح فرما دیا گیا کہ اللہ پاک اس کتاب حکیم کے ذریعے ہدایت و راہنمائی فرماتا ہے اس سیدھی راہ کی جس پر چل کر انسان دارین کی سعادتوں سے بہرہ ور ہوتا ہے۔ سو صدق نیت اور طلب صادق انسان کو نور حق و ہدایت اور دارین کی سعادت و سرخروئی سے سرفراز و بہرہ ور کرنے والی خصلت ہے۔ اور اس سے محرومی دارین کی سعادت و سرخروئی سے محرومی ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ بہرکیف راہ ہدایت سے سرفرازی چونکہ انسان کی فوز و فلاح کے لئے سب سے بڑی اور سب سے اہم ضرورت ہے۔ اور یہ ضرورت چونکہ کھانے پینے وغیرہ کی دوسری تمام ضرورتوں سے بھی کہیں بڑھ کر اور بنیادی ضرورت ہے، اس لئے خدائے رحمان و رحیم نے اپنی رحمت بےنہایت اور عنایت بےغایت سے اس روحانی اور باطنی ضرورت کی تکمیل کے لئے بھی کامل، بےمثال اور حکمتوں بھرا انتظام فرمایا۔ اور اسی سلسلے کی آخری کڑی قرآن حکیم کی یہ بےمثال نعمت ہے جو سراسر ہدایت اور نور مبین بن کر تمام دنیا کی ہدایت و راہنمائی کے لئے نازل ہوئی ہے ۔ فالحمد للہ جل وعلا ۔ سو یہاں سے ایک مرتبہ پھر یہ حقیقت واضح ہوجاتی ہے کہ انسان کی صلاح و فساد اور صحت وبگاڑ کا اصل اور بنیادی تعلق اس کے اپنے قلب وباطن سے ہے۔ اگر وہ صدق دل سے اپنی اصلاح کا طالب ہوگا تو اللہ پاک اس کو ضرور اس سے سرفراز فرمائے کا کہ اس کی شان ہی نوازنا اور کرم فرمانا ہے۔ اور مسلسل و لگاتار کرم فرمانا لیکن جو ادھر توجہ ہی نہ کرے اور وہ اعراض و روگردانی ہی سے کام لے ۔ والعیاذ باللہ ۔ تو اس کی بگڑی آخر کیسی اور کیونکر بن سکتی ہے ؟ ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top