Tafseer-e-Madani - At-Tur : 12
الَّذِیْنَ هُمْ فِیْ خَوْضٍ یَّلْعَبُوْنَۘ
الَّذِيْنَ : وہ لوگ هُمْ : وہ فِيْ خَوْضٍ : جھگڑے میں يَّلْعَبُوْنَ : اچھل کود کر رہے ہیں
جو اپنی حجت بازیوں (کی دلدل) میں پڑے کھیل رہے ہیں2
[ 11] مکذبین کی غفلت شعاری اور سخن سازی کا حوالہ و ذکر : سو اس سے مکذبین یعنی جھٹلانے والوں کی ایک خاص صفت یعنی ان کی غفلت اور سخن سازی کا حوالہ و ذکر فرمایا گیا ہے۔ چناچہ ارشاد فرمایا گیا کہ بڑی ہی ہولناک خرابی اور ہلاکت ہے ان جھٹلانے والوں کے لئے جو اپنی سخن سازیوں میں پڑے کھیل رہے ہیں۔ خوض کے اصل معنی گھسنے اور پانی میں چلنے کے ہیں، پھر یہ مطلقاً شروع کرنے اور اپنانے کے معنی میں مستعمل ہونے لگا۔ اور پھر باطل میں گھسنے اور مشغول ہونے کے معنی میں استعمال کیا جانے لگا، اور باطل پرست انسان چونکہ اپنے باطل کو درست ثابت کرنے کے لئے طرح طرح کی منطق طرازی، سخن سازی، اور حجت بازی، سے کام لیتا ہے، اور حق بات کو سمجھنے سیکھنے میں نہ تو وہ مخلص ہوتا ہے، اور نہ اس کا شوقین اور خواہش مند، اس لئے وہ محض حجت بازی، دل لگی اور مذاق و استہزا کے طور پر بات کرتا ہے، جس کی بناء پر وہ نور حق و ہدایت سے اور دور اور محروم ہوتا چلا جاتا ہے، اور اس طور پر کہ اس کو اس کا کوئی خیال و احساس بھی نہیں ہوتا، کہ اس طرح وہ کتنے بڑے خسارے میں مبتلا ہو رہا ہے، اور کس قدر ہولناک انجام کی طرف بڑھ رہا ہے، والعیاذ باللّٰہ العظیم، سو ایسے لوگ حق اور اہل حق کے خلاف طرح طرح کی باتیں بناتے، حق کا راستہ روکنے کے لئے طرح طرح کے ہتھکنڈے اپناتے، اور قسما قسم کے پروپیگنڈے کرتے ہیں، اور اس طرح ایسے لوگ اپنی شقاوت و بدبختی اور ہلاکت و محرومی میں اور پکے ہوتے چلے جاتے ہیں مگر ان کو اس کا کوئی شعور و احساس ہی نہیں ہوتا اور یہ چیز خسارے پر خسارہ اور ہلاکت پر ہلاکت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اور ہر اعتبار سے اپنی حفاظت و پناہ میں رکھے اور ہمیشہ راہ حق پر گامزن رہنے کی توفیق بخشے۔ آمین ثم آمین۔
Top